نواز شریف پورے نظام کو خطرے میں ڈال رہے ہیں، بلاول بھٹو زرداری

Bilawal Bhutto Zardari

Bilawal Bhutto Zardari

لاہور (جیوڈیسک) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ نواز شریف پورے نظام کو خطرے میں ڈال رہے ہیں اگر انہیں کچھ بتانا ہے تو بتائیں ورنہ چپ ہو کر بیٹھ جائیں یا پھر گھر چلے جائیں۔

لاہور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ اس وقت پارلیمان اور جمہوریت کمزور ہے اور ہمارے مسائل کو حل کرنے میں نظام ناکام رہا ہے جب کہ کوئی بھی خطرہ ایک دم نہیں آتا شریف برادران نے 5 سال میں ایسے حالات پیدا کیے ہیں، جب ہم کہتے تھے کہ پارلیمان میں ایشوز کو لے کر آئیں تو یہ مانتے نہیں تھے۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف پورے نظام کو خطرے میں ڈال رہے ہیں، اگر انہیں کچھ بتانا ہے تو بتائیں ورنہ چپ ہو کر بیٹھ جائیں یا پھر گھر چلے جائیں جب کہ ذاتی مفاد کے لیے ان کا ساتھ نہیں دے سکتے۔

بلاول بھٹو نے عمران خان کو بھی آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ جن لوگوں نے جنوبی پنجاب کی بات نہ کی اب ان کو یاد آ گیا، جب ہم نے جنوبی پنجاب کی آواز اٹھائی تو کسی نے ساتھ نہ دیا، عمران خان بتائیں انہوں نے 5 سالوں میں کونسا وعدہ پورا کیا اور 100 دن میں وہ کیسے صوبہ بنائیں گے لیکن پیپلزپارٹی اقتدار میں آکر جنوبی پنجاب کو صوبہ بنائے گی۔

چیرمین پی پی پی نے کہا کہ اگلی اسمبلی کو بہت سے کام کرنے ہیں، اس میں احتساب کے نظام کو بہتر کرنا بھی شامل ہے اور اگلی حکومت پیپلزپارٹی ہی بنائے گی، حکومت بنا کر عوامی مسائل حل کریں گے، اگر حکومت نہ بنا سکے تو اپوزیشن میں بیٹھ کر حکومت کی سمت ٹھیک کریں گے۔