نیلم جہلم ہائیڈرو پاور منصوبے کیلئے مزید 157 ارب روپے مانگ لئے گئے

Neelum Jhelum Hydropower Project

Neelum Jhelum Hydropower Project

اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے زیر صدارت نیلم جہلم ہائیڈرو پاور منصوبے کی فنڈنگ اور بروقت تکمیل کیلئے جائزہ اجلاس ہوا۔ اجلاس میں وفاقی وزیر پانی و بجلی خواجہ آصف اور چئیرمین واپڈا ظفر محمود نے شرکت کی۔

وزارت پانی و بجلی نے منصوبے کی بروقت تکمیل کیلئے 157 ارب روپے مزید طلب کر لئے ہیں۔ وزیر خزانہ کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ چھ سالوں میں منصوبے پر 136 ارب روپے خرچ کئے جا چکے ہیں۔ منصوبے کی تکمیل سے ملک کو 969 میگا واٹ بجلی کا حصول ممکن ہوگا۔

وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے سیکرٹری اقتصادی امور کو چین کے ایگزم بینک اور انڈسٹریل اینڈ کمرشل بینک سے 57 کروڑ ڈالرز کی فنڈنگ کے حصول کیلئے رابطوں کی ہدایت کی۔ وفاقی وزیر نے واپڈا کو ہدایت کی کہ 41 ارب روپے اپنے وسائل سے اکٹھے کئے جائیں جبکہ 59 ارب روپے اسلامی بینکوں سے حاصل کئے جائیں۔

وزیر خزانہ نے وزارت پانی و بجلی کو فنڈنگ کی بروقت فراہمی کا یقین دلایا اور کہا کہ تمام فنڈنگ سخت سکروٹنی کے بعد جاری کی جائے گی۔ وزیر خزانہ نے منصوبے کے نظر ثانی شدہ پی سی ون کو سی ڈی ڈبلیو پی اور ایکنک میں بھجوانے کی بھی ہدایت کی۔