نئے افغان صدر کی حلف برداری کی تیاریاں مکمل

Ashraf Ghani

Ashraf Ghani

افغانستان (جیوڈیسک) کے نو منتخب صدر اشرف غنی پیر کو کابل کے صدارتی محل میں ہونے والی ایک تقریب میں اپنے عہدے کا حلف اٹھا رہے ہیں۔ یہ حلف برداری افغانستان میں ہونے والے صدارتی انتخاب کے دوسرے مرحلے کے نتائج پر تین ماہ سے جاری تنازعے کے خاتمے کے بعد ہی ممکن ہو پائی ہے۔

اشرف غنی اور ان کے حریف امیدوار عبداللہ عبداللہ دونوں ہی جون میں ہونے والے صدارتی انتخاب میں کامیاب ہونے کے دعویدار تھے۔ ووٹوں کی دوبارہ گنتی کے بعد الیکشن کمیشن نے اشرف غنی کو کامیاب قرار دیا مگر عبداللہ عبداللہ نے اس نتیجے کو تسلیم کرنے سے انکار کردیا تھا تاہم امریکہ اور اقوام متحدہ کی کوششوں کے بعد دونوں نے قومی حکومت بنانے پر اتفاق کیا ہے جس کے تحت اشرف غنی صدر اور عبداللہ عبداللہ چیف ایگزیکٹو کا عہدہ سنبھالیں گے۔

طالبان نے اس معاہدے کو ’امریکہ کے مرتب کردہ فریب سے جبکہ اشرف غنی نے اسے بڑی فتح سے تعبیر کیا ہے۔ نومنتخب صدر اشرف غنی نے ملک میں اقتدار کی پہلے پہل ہونے والی جمہوری منتقلی کی تعریف کی اور انھوں نے اپنے حریف اور اب حکومت میں اپنے حلیف عبداللہ عبداللہ کے بارے میں بھی بہت گرم جوشی کا مظاہرہ کیا۔

اطلاعات کے مطابق صدر کی حلف برداری میں نامزد چیف ایگزیکیٹو ڈاکٹر عبداللہ عبداللہ سمیت تقریباً 100 اہم شخصیات موجود ہوں گی۔ صدر اشرف غنی کی حلف برداری کی تقریب سے قبل کابل میں سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ شہر کے اطراف میں اضافی پولیس چوکیاں بنائی گئی ہیں جبکہ ہزاروں پولیس اہلکار گشت پر ہیں اور گاڑیوں کی تلاشی لے رہے ہیں۔

گذشتہ ہفتے نو منتخب صدر غنی نے اتحادی حکومت کے معاہدے کے بارے میں بات کرتے ہوئے افغانستان سے اپنی نجی معیشت تیار کرنے اور افغان باشندوں سے بدعنوانی کے خاتمے میں تعاون کی اپیل کی۔ دریں اثنا سبکدوش ہونے والے افغان صدر حامد کرزئی نے اتوار کو قوم سے جذباتی خطاب میں کہا کہ انھوں نے اپنے دور میں ملک میں پائیدار امن لانے کے لیے بھرپور کوششیں کیں مگر ان کے بقول بدقسمتی سے ان کی توقعات سو فیصد پوری نہیں ہوئیں البتہ انہوں نے کہا کہ افغانستان میں امن یقیناً آئے گا۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ وہ منتخب صدر کو اپنی ذمہ داریاں سونپنے کے بعد افغانستان کے عام شہری کے طور پر زندگی بسر کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ وہ نئے صدر، حکومت اور آئین کی بھرپور حمایت کرتے ہیں اور ان کی خدمت کے لیے ہمیشہ تیار ہوں گے۔