نئی کابینہ میں کون ہو گا؟، وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی نواز شریف سے ملاقات

Shahid Khaqan Abbasi-Nawaz Sharif Meeting

Shahid Khaqan Abbasi-Nawaz Sharif Meeting

مری (جیوڈیسک) نئی کابینہ میں کون ان اور کون آؤٹ ہو گا، نومنتخب وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سابق وزیراعظم نواز شریف سے صلاح و مشورے کرنے مری پہنچ گئے، ملاقات میں وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف بھی موجود ہیں، این اے 120 میں انتخابی عمل کے بارے میں بھی گفتگو کی گئی۔

واضح رہے وفاقی کابینہ کے ارکان آج رات 8 بجے حلف اٹھائیں گے، تاہم چودھری نثار نے حلف لینے سے انکار کردیا۔ ذرائع کے مطابق بیشتر سابق وزرا کے پرانے عہدوں پر برقرار رہنے کا امکان ہے۔ چودھری نثار کو منانے کی کوششیں کی جارہی ہیں۔ وزیراعظم چودھری نثار سے بطور وزیر داخلہ کام جاری رکھنے پر اصرار کر رہے ہیں تاہم چودھری نثار نے معذرت کرتے ہوئے شہباز شریف کی کابینہ میں شمولیت کیلئے مشروط آمادگی ظاہر کی ہے۔

دوسری طرف حکمران جماعت مسلم لیگ (ن) کیلئے نئی کابینہ ایک امتحان اور آزمائش سے کم نہیں، یہ سوال اپنی جگہ موجود ہے کہ کابینہ ارکان مکمل طور پر شریف برادران کی چوائس ہوگی یا منتخب وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا بھی کوئی عمل دخل ہوگا۔ کابینہ مختصر ہوگی، پرانی کابینہ بحال ہوجائے گی، نئے چہرے شامل ہونگے، کچھ لوگ فارغ کئے جائیں گے، اس بارے حتمی طور پر کچھ نہیں کہاجاسکتا، قوی امکان ہے کہ نئی کابینہ آج حلف اٹھا لے گی تا کہ امور مملکت معمول کے مطابق چلائے جا سکیں۔