نئے آئی ڈی پیز بنوں میں جگہ نہ ملنے کی وجہ سے ٹرکوں میں رہائش پذیر

New IDPs

New IDPs

بنوں (جیوڈیسک) شمالی وزیرستان سے نقل مکانی کرنے والے نئے آئی ڈی پیز بنوں میں جگہ نہ ملنے کی وجہ سے ٹرکوں میں رہائش پذیر ہیں۔

خواتین ٹرکوں کے اندر اور مرد ٹرک کے نیچے سونے پر مجبور ہیں جبکہ راشن اور دیگر سہولتوں سے بھی محروم ہیں۔ شمالی وزیرستان کے علاقہ سپین وام سے نئے آئی ڈی پیز بنوں میں رہائش کی کمی کی وجہ سے ٹرکوں میں رہنے پر مجبور ہیں۔ یہ لوگ شمالی وزیرستان کی تحصیل میرعلی میں دریا اور کھیتوں کے کنارے آباد تھے۔

میر علی میں آپریشن کی وجہ سے ہزاروں کی تعداد میں نقل مکانی کرکے آئی ڈی پیز بنوں پہنچے ہیں، یہ لوگ ٹرانسپورٹ نہ ہونے کیوجہ سے شمالی وزیرستان سے پیدل چل کر 30 سے 40 گھنٹوں کا سفر طے کر کے یہاں پہنچے ہیں۔ ان لوگوں کو بنوں پہنچنے پر کوئی سہولیات نہیں دی جارہی ہیں اور یہ لوگ مجبوراً ٹرکوں میں رہائش پزیر ہیں ان کا کہنا ہے کہ خواتین ٹرکوں کے اندر اور مرد ٹرک کے نیچے سونے پر مجبور ہیں، نہ تو ان لوگوں کو راشن دیا جا رہا ہے اور نہ ہی موبائل سِم کے ذریعے رقم دی جا رہی ہیں۔