نئی زبانیں سیکھنے سے دماغی لچک میں اضافہ ہوتا ہے، تحقیق

Brain

Brain

طبی ماہرین نے انکشاف کیا ہے کہ نئی زبانیں سیکھنے سے دماغی لچک میں اضافہ ہوتا ہے اور دماغ میں نئے سرکٹ بننے کے ساتھ اس میں نئی معلومات جذب کرنے کی صلاحیت میں بھی اضافہ ہوتا ہے۔

سائنٹفک رپورٹس میں شائع ہونے والی اس تحقیقی رپورٹ کے مطابق یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ لوگ جتنی زیادہ زبانیں سیکھنے کی کوشش کرتے ہیں اس سے دماغی سرکٹ کو نئی معلومات کو کوڈ کرنے والا حصہ اتنا ہی تیزی سے متحرک ہوتا ہے۔

ماہرین کا خیال ہے کہ انسانی زبان سیکھنے کے عمل کو سمجھنے سے فالج اور حادثات کے بعد لوگوں کو دوبارہ بولنے کے قابل بنانے میں بہت مدد مل سکتی ہے۔ اس کے علاوہ ماہرین پیچیدہ دماغی سرکٹ کو سمجھنے کی بھی کوشش کررہے ہیں۔ یہ تحقیق اس عمل کو سمجھنے میں بھی معاون ثابت ہو سکتی ہے۔

سائنسدانوں کے مطابق نئی زبان سیکھنے کے بہت سے ذہنی اور دماغی فوائد ہوتے ہیں۔ اس سے ڈیٹا پروسیسنگ اور معلومات کو جذب کرنے میں بہت مدد مل سکتی ہے۔

تجرباتی طور پر ماہرین نے اوسط 24 سال کی عمر کے 10 مرد اور 12 خواتین کو بھرتی کیا اور زبانیں سیکھنے کے دوران ان کی دماغی کیفیت کو ای ای جے کے ذریعے نوٹ کیا۔ لیکن یہ نئے الفاظ سیکھنے کی مشقیں تھیں۔

تمام رضاکار صرف فن لینڈ کی زبان ہی جانتے تھے اور جیسے ہی رضاکار اجنبی یا جانے ہوئے لفظ سے واقف ہوا اس کی دماغی سرگرمی میں تبدیلی واقع ہوئی۔ رپورٹ کے سینیئر محقق کے مطابق نتائج سے ظاہر ہے کہ نئی زبان سیکھنا ہر عمر کے دماغ کے لیے بہت مفید ثابت ہوتا ہے۔