نئی ون ڈے رینکنگ جاری، بیٹنگ میں کوہلی پہلے، بابر اعظم چوتھے نمبر پر براجمان

Kohli, Babar Azam

Kohli, Babar Azam

دبئی (جیوڈیسک) بھارتی اوپنر روہت شرما کی 2 درجے ترقی، ٹیموں کی درجہ بندی میں فرق نہیں آیا۔

آئی سی سی کی جانب سے نئی ون ڈے رینکنگ جاری کر دی گئی ہے جس کے مطابق بھارتی اوپنر بلے باز اور شاندار ڈبل سنچری سکور کرنے کے بعد ٹاپ فائیو میں شامل ہو گئے ہیں۔

نئی رینکنگ میں ٹیموں کی درجہ بندی میں کوئی فرق نہیں آیا، اب اگلی رینکنگ نیوزی لینڈ اور ونڈیز کی سیریز کے بعد جاری کی جائے گی۔ اگر نیوزی لینڈ اس سیریز کا ایک بھی میچ ہار گئی تو اسے اپنی پوزیشن سے ہاتھ دھونا پڑ سکتا ہے۔

رینکنگ کے مطابق سری لنکا کے خلاف ڈبل سنچری بنانے والے روہت شرما کی دو درجے ترقی ہوئی اور وہ پانچویں نمبر پر آ گئے، ان کے اس وقت 816 پوائنٹس ہیں جو انہوں نے پہلی بار حاصل کیے ہیں۔ علاوہ ازیں بھارتی اوپنر شکھر دھون کی بھی ایک درجہ ترقی ہوئی اور وہ چودہویں نمبر پر آ گئے ہیں۔ سری لنکا کے خلاف تین میچز کی سیریز بھارت نے دو ایک سے جیتی ہے جس کے باعث ٹیموں کی درجہ بندی میں کوئی فرق نہیں آیا۔ بھارت اگر سری لنکا کو 0-3 سے ہرا دیتا تو وہ جنوبی افریقہ کو ہٹا کر اس کی پوزیشن لے سکتا تھا۔

اس وقت جنوبی افریقہ کی ٹیم ون ڈے رینکنگ میں پہلے نمبر پر ہے جبکہ بھارت دوسرے اور پاکستان 99 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر براجمان ہے۔ ون ڈے رینکنگ میں بھارتی کپتان ویرات کوہلی پہلے، اے بی ڈویلیرز دوسرے، ڈیوڈ وارنر تیسرے اور پاکستان کے بابر اعظم چوتھے نمبر پر ہیں، خیال رہے کہ بلے بازوں کی ٹاپ فور پوزیشنز میں نئی رینکنگ میں کوئی اکھاڑ پچھاڑ نہیں ہوئی اور چاروں کھلاڑی گزشتہ کئی روز سے اپنی پوزیشن بحال رکھے ہوئے ہیں۔