نیویارک کے ایک اسپتال میں فائرنگ سے ایک ڈاکٹر اور حملہ آور ہلاک

New York - Hospital Firing

New York – Hospital Firing

لاس اینجلس (جیوڈیسک) نیویارک شہر کے ایک اسپتال کے سابق ملازم نے مسلح ہو کر اسپتال میں داخل ہونے کے بعد فائرنگ کر دی جس سے ایک ڈاکٹر کو ہلاک اور 6 دوسرے افراد کو زخمی ہو گے۔ بعد ازاں حملہ آور نے خود کو بھی گولی مار کر خودکشی کر لی۔

فائزنگ کا یہ واقعہ جمعے کے روز نیویارک شہر کے برانکس لبنان اسپتال میں پیش آیا۔

عینی شاہدوں کا کہنا ہے کہ حملہ آور ڈاکٹروں کے انداز میں سفید کوٹ پہنے ہوئے تھا اور وہ ایک رائفل سے مسلح تھا۔ وہ اسپتال کی 16 ویں اور 17 ویں منزل پر گیا۔ ایک موقع پر اس نے خود جلانے کی کوشش بھی کی۔

اطلاع ملنے پر جب پولیس نے اسپتال میں پہنچ کر حملہ آور کی تلاش شروع کی تو وہ اسے مردہ حالت میں ملا۔ اس نے دوسرے لوگوں کو زخمی کرنے کے بعد خود کوبھی گولی مار دی تھی۔

پولیس کمشنر جیمز اونیل نے ایک نیوز کانفرنس میں بتایا کہ فائرنگ کی زد میں آکر ایک ڈاکٹر ہلاک ہو گیا جب چھ افراد زخمی ہوئے، جن میں سے پانچ کی حالت تشویش ناک ہے۔

نیویارک کے میئر نے اس واقعہ کو ایک ایسا الگ تھلگ واقعہ قرار دیا جس کا تعلق حملہ آور کی اپنی ملازمت کے مقام سے تھا۔

حکام نے فوری طور پر حملہ آور کی شناخت ظاہر نہیں کی۔ جب مقامی میڈیا کے بعض چینلز کا کہنا ہے کہ وہ اسی اسپتال میں ڈاکٹر کے طور پر کام کرتا تھا اور سن 2015 میں بعض وجوہات کی بنا پر استعفی دے کر چلا گیا تھا۔

برانکس لبنان ہاسپیٹل ایک غیر منافع بخش ادارہ ہے جو برانکس اور شہر کے دوسرے علاقوں کو رضاکارانہ بنیادوں پر صحت کی دیکھ بھال کی سہولتیں فراہم کرتا ہے۔