نیوزی لینڈ نے سری لنکا کو پہلے ٹی ٹوئنٹی میں 3 رنز سے شکست دے دی

New Zealand  Vs Sri Lanka

New Zealand Vs Sri Lanka

ویلنگٹن (جیوڈیسک) نیوزی لینڈ نے مہمان سری لنکا کو دلچسپ مقابلے کے بعد پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں 3 رنز سے شکست دے کر 2 میچز پر مشتمل سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کرلی۔

ماؤنٹ مونگوئے کے بے اوول گراؤنڈ میں کھیلے گئے میچ میں نیوزی لینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 182 رنز بنائے جس کے جواب میں سری لنکا کی ٹیم مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں پر 179 رنزبنا سکی۔ فاتح ٹیم نیوزی لینڈ کے اوپننگ بلے باز مارٹن گپٹل اور کین ولیمسن نے اپنی ٹیم کو پہلی وکٹ پر 101 رنز کا عمدہ آغاز فراہم کیا، گپٹل 58 اور ولیمسن 53 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جب کہ کولن مونرو 36 اور کوری اینڈریسن 2 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جب کہ روس ٹیلر 22 اور گرینڈ ایلیٹ 10 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

سری لنکا کی جانب سے نوائن کلسیکارا نے 2 اور جیفری وینڈیسری نے ایک وکٹ حاصل کی۔ ہدف کے تعاقب میں سری لنکا کو 10 کے مجموعی اسکور پر تلکرانے دلشان کی صورت میں خسارے کا سامنا کرنا پڑا جو بغیرکوئی رنز بنائے ٹرینٹ بولڈ کا شکار بنے، دنشکا گناتھکالا 46، دنیش چندیمل 7، شیہن جیسوریا 4، انجیلو میتھیوز 4،ملندا سری وردانا 42، تھسارا پریرا 17 اور نوائن کلسیکارا 14 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جب کہ جیفری وینڈرسی 4 اور سرنگا لکمل ایک رنز بنا سکے۔

نیوزی لینڈ کے میٹ ہینری اور ٹرینٹ بولڈ نے 3،3 جب کہ گرینٹ ایلیٹ اور ایس سودی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ میچ میں بہترین کارکردگی پیش کرنے پر ٹرینٹ بولڈ کو مین آف دی میچ کے اعزاز سے نوازا گیا۔