دورہ نیوزی لینڈ، محمد عامر کی ٹیم میں شمولیت مشکوک، ویزہ مسائل کا سامنا

Mohammad Amir

Mohammad Amir

لاہور (جیوڈیسک) دورہ نیوزی لینڈ کے لیے فاسٹ بولر محمد عامر کی قومی ٹیم میں شمولیت مشکوک ہو گئی، اسپاٹ فکسنگ میں سزا یافتہ کرکٹر کو ویزہ مسائل کا سامنا ہے۔

ڈومیسٹک کرکٹ اور بنگلہ دیش پریمئر لیگ میں شاندار کارکردگی دکھانے کے باوجود محمد عامر پر انٹرنیشنل کرکٹ کے دروازے کھل نہیں رہے ہیں، ایک طرف سوئنگ بولر کو سابق کپتان محمد حفیظ اور سلیکٹر کبیر خان کی مخالفت کا سامنا ہے۔

دوسری جانب اسپاٹ فکسنگ کیس میں سزا محمد عامر کے ویزہ حصول میں رکاوٹ بن گئی ، نیوزی لینڈ کے امیگریشن قوانین کے مطابق سزا یافتہ شخص کو ویزہ نہیں دیا جاتا۔ گزشتہ برس لیفٹ آرم فاسٹ بولر کو انگلینڈ کا ویزہ بھی نہیں مل سکا تھا۔

واضح رہے کہ قومی ٹیم جنوری میں تین ون ڈے اور تین ٹی ٹوئنٹی میچز کے لیے نیوزی لینڈ کا دورہ کرے گی۔