وزیرآباد کی خبریں 25/7/2016

Wazirabad

Wazirabad

وزیرآباد (نامہ نگار) منتخب سیاسی نمائندوں کے بعد ٹی ایم اے انتظامیہ نے نواحی علاقہ ویروکی کے ہزاروں عوام کے مسائل سے نظریں ہٹا لیں،بارشوں کے بعد حالات مزید بدتر، علاقہ مکین گھروں میں محصور ہوکررہ گئے ،مقامی سیاسی قیادت کے خلاف شدید احتجاج۔ ڈی سی او گوجرانوالہ، کمشنر گوجرانوالہ سے صورتحال کا نوٹس لینے کا مطالبہ۔ میونسپل کمیٹی بلدیہ وزیرآباد کا علاقہ ویروکی ایک عرصہ سے مسائل کا گڑھ بن چکا ہے۔ بنیادی سہولتوں کے فقدان کیوجہ سے علاقہ مکین ہجرت کرنے پر مجبور ہوگئے ہیں۔ویروکی کو بجلی ،ٹیلی فون کے بعد مشرف دور حکومت میں ملنے والی واحد سہولت پختہ سڑک عرصہ دراز سے ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے جبکہ گلی محلے بھی انتہائی خستہ حالی کا شکار ہیں نکاسی آب کا دیرینہ نظام بڑھتی ہوئی آبادی کے پیش نظر ناکام ہورہا ہے پرانے جوہڑوں پر بااثر افراد نے قبضے جما کر نکاسی کے نظام کو محدود کردیا ہے ۔برسات کے موسم میں گلی محلوں کے حالات اس قدر خراب ہوجاتے ہیں کہ شہریوں کامساجد تک جانا محال ہوجاتا ہے۔ سڑک پر جگہ جگہ کھڈوں کی وجہ سے گاڑیاں اور موٹر سائیکلیں ناکارہ ہورہی ہیں۔ علاقہ کی عوام کو صحت کے حوالے سے کوئی سہولت میسر نہیں معمولی بیماری کی صورت میں رکشوں اور گاڑیوں کے بھاری کرایے برداشت کرکے شہر کے سرکاری ہسپتال یا دوردراز کے نجی کلینکس کا رخ کرنا پڑتا ہے،حلقہ کا ایم پی اے قریبی دیہات منظور آباد کا رہائشی ہے۔ویروکی کے مکین مقامی سیاسی قیادت کے خلاف سراپا احتجاج ہیںانہوں نے شکوہ کیا کہ حلقہ کے دیگر دیہاتوں کو ماڈل بنانے کی باتیں کی جاتی ہیں جبکہ قریبی علاقہ ویروکی میں چند منظور نظر افراد کے گھروں کے سامنے چند فٹ کی تعمیر ومرمت کے علاوہ کوئی اقدامات نہیں اٹھائے گئے۔ اطراف میں دودراز کے علاقوں، دیہاتوں میں عرصہ سے سوئی گیس کی سہولت میسر آچکی ہے جبکہ ویروکی کو آج تک اس سہولت سے بھی محروم رکھا گیا ہے اس حوالہ سے ایم پی اے سے بات کرنے پروفاقی محکمہ کا منصوبہ ہونے کی وجہ سے ایم این اے گرانٹ کا کہہ کر خود کو بری الذمہ کر لیا جاتا ہے جبکہ حلقہ کے ایم این اے نے آج تک ویروکی کے مکینوں کے مسائل سننا بھی گوارہ نہیں کیا۔ علاقہ کی عوام نے ڈی سی او گوجرانوالہ، کمشنر گوجرانوالہ اور وزیر اعلیٰ پنجاب سے علاقہ کے مسائل حل کرنے کا مطالبہ کیاہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

وزیرآباد (نامہ نگار) بڑھتی ہوئی آبادی کے نتیجہ میںاندرون شہرٹریفک کے بہائو میں اضافہ ہونے کی وجہ سے شہریوں کی مشکلات میں کئی گنا اضافہ ہوگیا ہے۔مختلف بڑے شہروں راولپنڈی، گجرات، سرگودھا کی طرف سے سیالکوٹ جانے کیلئے روزانہ ہزاروں گاڑیوں کا وزیرآباد شہر سے گزر ہوتا ہے ۔بڑھتی ہوئی آبادی کے نتیجہ میں شہر کی اپنی ٹریفک میں اس قدر اضافہ ہوچکا ہے کہ روڈ بار بار بند ہوجاتا ہے ایسے میں دوسرے شہروں سے سیالکوٹ کی جانب آنے جانے والی گاڑیاں حالات مزیدخراب کردیتی ہیں۔ ٹریفک بار بار جام ہونے کی وجہ سے شہریوں کو منزل مقصود تک پہنچنے میں سخت دشواری کا سامنا کرنا پڑتا دو کلو میٹر کا سفر طے کرنے میں اکثر گھنٹوں لگ جاتے ہیں ٹریفک جام میں اکثر ایمبولینسزپھنس جاتی ہیں جس کے نتیجہ میں مریض ہسپتالوں میں پہنچنے سے قبل ہی دم توڑ جاتے ہیں۔سکولوں کالجوں کے اوقات میں ٹریفک میں پھنس جانے کی وجہ سے طلباء وطالبات تعلیمی اداروں اور گھروں کو بروقت نہیں پہنچ پاتے۔ صدر انجمن شہریاں محمود احمد خان لودھی ، شکیل احمد اعوان نے ڈی سی او گوجرانوالہ،کمشنر گوجرانوالہ، وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے مطالبہ کیا ہے کہ ٹریفک کی روانی اور شہریوں کو حادثات سے بچانے کیلئے مولانا ظفر علی خان چوک سے لاڈو پلی تک بائی پاس روڈ بنایا جائے تاکہ اندرون شہر ٹریفک کا رش کم ہونے سے شہریوں کیلئے آسانیاں پیدا ہوں ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
وزیرآباد (نامہ نگار) شہر کے اندرون علاقوں میں پینے کے پانی کی 80 فیصد لائنیں بوسیدہ ہونے سے شہری ہیپاٹائٹس اور دیگر خطرناک امراض میں مبتلاہونے لگے۔ فراہمی آب کی بوسیدہ پائپ لائنوں میں سیوریج اور کا پانی مکس ہو کر شہریوں کے گھروں میں فراہم کیا جا رہا ہے جس کے استعمال سے خواتین ،بچے ، بوڑھے، جوان موذی امراض میں مبتلا ہوکر سرکاری و نجی ہسپتالوں کا رخ کر رہے ہیں اس حوالہ سے متعلقہ اداروں کی کارکردگی سوالیہ نشان بن چکی ہے شہریوں نے وزیراعلیٰ پنجاب اورضلعی افسران سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔ محلہ سکندر پورہ، کانوانوالہ محلہ، حاجی پورہ، محلہ شیخ لال، تیلی پورہ ،گلی عزت خان، ماڈل کالونی، جناح کالونی، نظام آباد اورشہر کے دیگر علاقوںمیںتیس چالیس سال قبل بچھائی جانے والی فراہمی آب کی لائنیں انتہائی بوسیدہ ہونے کی وجہ سے جگہ جگہ سے خستہ حالی کا شکار ہیں،پائپ لیک ہونے کی وجہ سے ان میں گندہ گٹروں کا پانی مکس ہو کر شہریوں کے گھروں میں لگے نلوں میں چلا جاتا ہے، سیوریج ملا ناقص بدبودار پانی استعمال کرنے سے شہری مختلف موذی امراض میں مبتلا ہوکر سرکاری و نجی ہسپتالوں کا رخ کر نے پر مجبور ہیں ، شہر میں صاف پانی کا مسئلہ روز بروز سراٹھا رہا ہے لیکن حساس نوعیت کے معاملے پر ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ افسران کی خاموشی سوالیہ نشان بن چکی ہے ، معززین شہر سماجی ، مذہبی ، کارروباری، تنظیموں کے عمائدین نیصدر انجمن تحفظ حقوق عوامو کونسلر افتخار احمد بٹ،انسانی حقوق کے رہنما شکیل احمداعوان نے مقامی سیاسی نمائندوں اور افسران کی صاف پانی کے معاملہ میں غفلت پر شدید احتجاج کرتے ہوئے ڈی سی اوگوجرانوالہ، کمشنر گوجرانوالہ، وزیراعلیٰ پنجاب سے مطالبہ کیا ہے کہ بوسیدہ پائپ لائنوں کی جگہ نئی پائپ لائن بچھانے کے خصوصی احکامات صادر کئے جائیںتاکہ شہریوں کو صاف پانی میسر آسکے۔