اگلے سال پی ایس ایل کے آدھے میچز پاکستان میں ہوں گے: نجم سیٹھی

Najam Sethi

Najam Sethi

دبئی (جیوڈیسک) کرکٹ دیوانوں کے لیے خوشی کی خبر، پاکستان سپر لیگ سیزن 4 کے آدھے سے زیادہ میچز پاکستان میں کھیلے جانے کا امکان ہے۔

سربراہ پاکستان کرکٹ بورڈ نجم سیٹھی کا کہنا ہے کہ انشا اللہ اگلے سال کم از کم آدھا پی ایس ایل پاکستان میں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل پاکستانیوں کا اورآنے والی نسلوں کا اثاثہ ہے اور ہمیں خود اس کی حفاظت کرنی ہے۔ صحافی کے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل سیزن تھری کے 3 میچز پاکستان میں کنفرم ہیں۔

جن میں سے دو پلے آف میچز لاہور جبکہ پی ایس ایل کا فائنل معرکہ کراچی میں ہوگا، جس کے لیے تمام انتظامات مکمل ہیں۔ نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ پاکستان سپر لیگ کا ایونٹ بہت بہتر جا رہا ہے۔
یاد رہے کہ دبئی میں جاری پی ایس ایل میچز میں انتظامیہ گراؤنڈ میں شائقین کی کم تعداد کی وجہ سے بھی پریشان ہے۔ پی ایس ایل کی افتتاحی تقریب کے بعد شائقین کی تعداد میں کمی آئی ہے۔

کرکٹ شائقین کامطالبہ ہے کہ پی ایس ایل کے میچز پاکستان میں کروائے جائیں۔ یاد رہے کہ پاکستان سپر لیگ کا ایونٹ متحدہ عرب امارات میں جاری ہے۔ 22فروری سے شروع ہو نے والے اس ایونٹ کا فائنل 25مارچ کوکراچی میں کھیلا جائیگا۔