نشاط محمد ضیاء قادری کا برسات کے بعد شاہ فیصل کالونی کا تفصیلی دورہ

Nishat Zia Qadri

Nishat Zia Qadri

کراچی : حق پرست رکن قومی اسمبلی اقبال محمد علی خان اور رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے کہا ہے کہ شہر کو لاوارث سمجھنے والے حکمرانوں نے وسائل کا بے دریغ استعمال کرنے کے باوجود دوران برسات عوام کو سہولت پہنچانے میں ناکام رہے ہلکی برسات میں شہر جوہڑ میں تبدیل ہو چکا ہے مزید تیز بارش کی صورت میں شہر سانحات سے دوچار ہونے کا اندیشہ ہے۔

برساتی نالوں کی عدم صفائی اور علاقائی سطح پر بڑھتے ہوئے بلدیاتی مسائل پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے حق پرست منتخب عوامی نمائندوں نے بلدیاتی اداروں اور حکمرانوں کے چہیتے کمشنری نظام پر عدم اطمینان کا ظاہر کرتے ہوئے تیز برسات کی پیشنگوئی کے پیش نظر عوامی سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے پیشگی انتظامات کرنے کی ہدایت کی ہے ان خیالات کا اظہار حق پرست رکن قومی اسمبلی اقبال محمد علی خان نے رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری کے ہمراہ بارش کے بعد شاہ فیصل کالونی کی تمام یونین کونسل اور شاہراہ فیصل کا تفصیلی دورہ کرکے بارش کے بعد پیدا ہونے والے عوامی مسائل کا جائزہ لیتے ہوئے کیا۔

حق پرست اراکین اسمبلی نے علاقائی سطح پر برساتی پانی کی عدم نکاسی اور شاہ فیصل کالونی کی حدود میں ریلوے ٹریک کے نیچے قائم کازوے سے برساتی پانی کی عدم نکاسی پر شاہ فیصل زون بلدیہ کورنگی کے افسران و عملے کو طلب کرکے ہنگامی بنیادوں پر شاہ فیصل کالونی ،گرین ٹائون ،گولڈن ٹائون ،عظیم پورہ ،ناتھا خان گوٹھ سمیت ملحقہ آبادیوں میں سڑکوں اور گلیوں سے برساتی پانی کی فوری نکاسی اور کازوے سے برساتی پانی نکالنے کے حوالے سے ہدایت کی حق پرست اراکین اسمبلی اقبال محمد علی خان اور رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے کہاکہ مزید متوقع برسات کے پیش نظر بلدیاتی ادارے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کئے جائیں برساتی نالوں اور نشیبی علاقوں سے برساتی پانی کی نکاسی کے حوالے سے اقدامات تیز کئے جائیں اگر ہنگامی بنیادوں پر برساتی صورتحال سے نمٹنے کے لئے حفاظتی اقدامات نہ کئے گئے تو تمام تر نقصانات و سانحات کی ذمہ داری متعلقہ اداروں پر عائد ہو گی۔