ناروے کی معروف پاکستانی نژاد شخصیت جنرل اشرف کی نماز جنازہ اوسلو میں ادا کر دی گئی

Mohammad Ashraf

Mohammad Ashraf

اوسلو (پ۔ر) ناروے کی معروف پاکستانی نژاد سماجی شخصیت محمد اشرف المعروف جنرل اشرف کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی۔ بڑی تعداد میں نارویجن پاکستانیوں جنازہ میں شریک ہو کر مرحوم کو افسردگی و غم واندوہ کے عالم میں رخصت کیااوران کے خاندان کے ساتھ گہری ہمدردی اور ان سے تعزیت کا اظہار کیا۔

ممتاز نارویجن پاکستانی عالم دین اور غوثیہ مسلم سوسائٹی اوسلو کے خطیب مفتی زبیرتبسم نے نمازمیت کی امامت کرائی اور جنرل اشرف کی سماجی اوردینی خدمات پر گفتگوکی۔یادرہے کہ جنرل اشرف سترکی دہائی میں ناروے آئے ۔ وہ مرکزی جماعت اہل سنت اوسلو کے جنرل سیکرٹری کے عہدے پرفائض رہے اوردیگر ذمہ داریاں نبھائیں۔

علم و ادب سے بھی کافی دلچسپی رکھتے تھے۔ نمازجنازہ اوسلوکے قرب میں واقع جامعہ مسجد سندرے نورد ستراندمسلم سنٹر۔موٹنس رودکی پارکنگ میں اداکی گئی۔ نمازجنازہ کے اجتماع میں شریک لوگوں نے مرحوم جنرل اشرف کے بارے میں تاثرات دیتے ہوئے کہاکہ جنرل اشرف ایک متحرک سماجی شخص تھے اور ان کاشمار ان افراد میں ہوتا ہے جن کاناروے میں پاکستانیوں کے پہلے پہلے دینی اداروں کے قیام میں کلیدی کردار ہے۔

وہ ایسے افرادمیں سے ایک تھے جنہوں نے اپنا ذاتی اوربچوں کا وقت بھی دینی اداروں کو دیا اور سماجی ومذہبی خدمات میں مصروف رہے۔ نمازجنازہ میں نارویجن پاکستانی کمیونٹی کی جن اہم شخصیات نے شرکت کی۔

ان میں بزم نقشبند کے امام قاری نذیراختر، نائب امام مرکزی جماعت مولانا شیرازمدنی ، ورلڈ اسلامک مشن ہولملیا کے امام قاری خالد، مسلم سنٹر موٹنس رود کے امام مولاناطاہرعزیز، ممتازکاروباری شخصیت شیخ طارق محمود (اوسلوبیل سنٹر)، مرکزی جماعت اہل سنت کے حاجی اشرف، سابق رکن نارویجن پارلیمنٹ شہبازطارق، اسلام آباد۔راولپنڈی ویلفیئر سوسائٹی ناروے کے صدر مرزا محمد ذوالفقار، جنرل سیکرٹری راشد اعوان، سابق صدر مرزا انور بیگ اور سوسائٹی کے سابق عہدیداران اقبال اختر خان اور راجہ فیاض احمد ، پاک۔ ناروے فورم کے چیف آرگنائزر چوہدری اسماعیل سرور ،پی پی پی ناروے کے سینئرنائب صدر علی اصغر شاہد، پی پی پی کے سینئر رہنماء الیاس کھوکھر، سیاسی وسماجی شخصیت انجم وڑائچ ،مرکزی جماعت اہل سنت کے سابق صدر ملک محمد رضااور ان بھائی ملک اقبال قابل ذکر ہیں۔

مرحوم جنرل اشرف کی تدفین اتوار کے روز پاکستان کے ضلع جہلم کی تحصیل سوہاواہ کے قریب ان کے آبائی گاؤں پیت مست میں ہوگی۔جنرل اشرف کے فرزند محمدطارق نے بتایاکہ مرحوم کی خواہش کے مطابق ، انہیں ان کے والدین کے پہلو میں سپردخاک کیا جائے گا۔