ناروے: مریض کو بچانے کیلئے ایف 16 استعمال

F-16

F-16

اوسلو (جیوڈیسک) ناروے میں مریض کی جان بچانے کے لیے مشینیں ایف سولہ طیارے کے ذریعے منگوائی گئیں ، ایف سولہ طیارے نے دس گھنٹے کا سفر پچیس منٹ میں طے کر لیا۔

ناروے میں انسانی ہمدردی کا ایسا واقعہ پیش آیا جس نے دیکھا اور سنا وہ حیران رہ گیا۔ ڈاکٹرز نے مریض کی جان بچانے کے لیے فضائیہ سے مدد لی ، ناروے کے شہر بوڈو میں ہسپتال میں مریض کو انتہائی تشویشناک حالت میں لایا گیا جہاں علاج کے لیے ای سی ایم او نامی مشین موجود نہیں تھی۔

ڈاکٹرز نے فضائیہ سے رابطہ کیا جنہوں نے مریض کی حالت کو دیکھتے ہوئے ایف 16 طیارے کے ذریعے مشین منگوائی۔ ڈاکٹروں کے مطابق اس مشین کے بغیر متاثرہ شخص کی موت واقع ہو جاتی۔ ماہر پائلٹ نے دس گھنٹے کا سفر صرف پچیس منٹ میں طے کیا اور ڈاکٹرز کے رابطے کے صرف چالیس منٹ میں مشین ہسپتال پہنچا دی گئی۔

عام طور پر فوجیں اپنے شہریوں کو ایمرجنسی صورت حال میں امدادی کاموں کے سلسلے میں مدد فراہم کرتی ہیں تاہم یہ پہلی مرتبہ ہے کہ ایک انفرادی معاملے میں ایف 16 طیارے کا استعمال کیا گیا ہو۔ فضائیہ کے اس فوری اقدام کو ڈاکٹروں کی جانب سے سراہا گیا۔