ازخود نوٹس کا عدالتی اختیار عوام کیلئے محفوظ مستقبل کی امید ہے ‘ ایم آر پی

Ameer Patti

Ameer Patti

کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) سپریم کورٹ کے اختیارات محدود کرنے اور سپریم کورٹ کو سوموٹو نوٹس کے اختیار سے محدود کرنے کیلئے سینیٹ میں قرار داد کی منظوری تبصرہ کرتے ہوئے محب وطن روشن پاکستان پارٹی کے قائد و چیئرمین امیر پٹی نے کہا ہے کہ جمہوریت کا مطلب عوام کی منتخب کردہ ایسی حکومت ہوتی ہے جو قومی مفادات کیلئے کام کرے مگر پاکستانی جمہوریت عوام کی بجائے طاقتور واستحصالی طبقات کی نمائندگی کرتی دکھائی دے رہی ہے یہی وجہ ہے کہ طاقتور طبقات کو احتساب سے بچانے کیلئے عدلیہ کے اختیارات تک محدود کرنے کی کوشش ہورہی ہے جو یقینا ملک و قوم کے مستقبل کیلئے خطرناک ہے۔

امیر پٹی نے کہا کہ ایک ایسے ملک میں جہاں روٹی چرانے کے جرم میں معصوم بچوں کو تو جیل بھیج دیا جاتو ہو مگر قومی خزانے کی خرد برد اور کرپشن میں ملوث افراد سرکاری باڈی گارڈ کے پہلو میں مسکراتے ہوئے عدالت آتے اور ضمانت پاکر گھروں کو لوٹ جاتے ہوں یا پھر پیشی سے استثنیٰ کے ساتھ اپنے عہدوں پر برقرار رہتے ہوئے لوٹ مار میں مسلسل مصروف نظر آتے ہوں ایسے ملک اور ایسی جمہوریت میں عدلیہ کے ازخود نوٹس کا اختیار سلب کرنے کا مطلب عوام کو انصاف کی امید سے بھی محروم کرنا ہے جس کی محب وطن روشن پاکستان پارٹی مذمت کرتی ہے جبکہ عوام کو عدالت سے اختیار انصاف چھیننے والوں کا ووٹ کے ذریعے محاسبہ کرنے کا مطالبہ بھی کرتی ہے۔