جوہری معاہدہ، ایران پاکستان گیس پائپ لائن منصوبے کو فائدہ نہیں پہنچے گا

Mark Toner

Mark Toner

واشنگٹن (جیوڈیسک) امریکا کا کہنا ہے کہ ایران پر سے معاشی پابندیوں کے خاتمے تک ،ایران اور عالمی طاقتوں کے درمیان جوہری معاہدے سے ایران پاکستان گیس پائپ لائن منصوبے کو فائدہ نہیں پہنچے گا۔

گزشتہ ماہ کی 14 تاریخ کو ایران اور 5 عالمی طاقتوں کے درمیان جوہری معاہدہ طے پایا تھا، جس کے مطابق اگر ایران اپنے جوہری ہتھیاروں کے پروگرام کو روک دے گا تو اس پر سے عالمی اقتصادی پابندیا اٹھالی جائیں گی۔ گزشتہ ہفتے امور خارجہ کے بارے میں وزیر اعظم کے خصوصی مشیر طارق فاطمی نے واشنگٹن میں ایک تھنک ٹینک کو بتایاتھا کہ پاکستان نے معاہدے کا خیر مقدم کیا ہے۔

کیونکہ اس سے ایران کے ساتھ اقتصادی تعاون کے ساتھ ساتھ گیس پائپ لائن کی تعمیر کےدر کھلیں گے۔طارق فاطمی کے بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے امریکی دفتر خارجہ کے ترجمان مارک ٹونر نے کہا کہ ایران پر سے تجارتی معاہدوں کی پابندیاں ابھی تک نہیں اٹھائی گئی ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم ابھی تک ایران کو تجارت کے لئے کھلا نہیں سمجھتے، اورایران پر جنوری 2014 سے عائد پابندیوں میں کوئی نرمی نہیں کی گئی ہے۔