ایٹمی توانائی کے گروپ میں بھارت کی شمولیت پاکستانی جرنیلوں کے منہ پر طمانچہ ہو گا، اویس نورانی

JUP

JUP

کراچی : جمعیت علماء پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل اور مرکزی جماعت اہل سنت کے نگران اعلیٰ شاہ محمد اویس نورانی صدیقی نے کہا ہے کہ عالمی قوتوں کے سامنے اس وقت پاکستان کا مورال انتہائی کم ہوا ہوا ہے، ہمیں روس نے ٹکا سے جواب دے دیا، پھر امریکہ نے معاہدہ کیے ہوئے ایف سولہ طیارے دینے سے انکار کردیا اور ایٹمی توانائی کے گروپ میں بھارت کو شامل کیا جا رہا ہے جو پاکستان کے خلاف ایک عالمی سازش ہے۔

دنیا جہاں کی دہشت گردی کے واقعات اور حالات میں ہمارے جرنیلوں نے امریکہ کی بی ٹیم کا کرداد ادا کیا، جہاں امریکی فوجی کا پسینہ گرتا تھا وہاں پاک فوج کے جوان خون بہاتے تھے، برفانی پہاڑوں پر امریکی فوجیوں نے شوق میں ہمارے بائیس فوجیوں کو بھون کر رکھ دیا مگر مفاہمت اور مصلحت کا شکار رہے،اگر بھارت کو اس ایٹمی توانائی کے گروپ میں رکنیت مل جاتی ہے تو اس کا مطلب ہے کہ پاکستان خطے میں ٹیکنالوجی کے مقابلے میں پچیس سال پیچھے چلا جائے گا۔

حیرت کی بات یہ ہے کہ ہر گزشتہ چار دہائیوں سے لڑی جانے والی ہر جنگ میں قربانی ہم نے دی ہے مگر ناکردہ نیکیوں کو ثمر بھارت کو مل رہا ہے کیوں کہ بھارت امریکہ و اسرائیل کا چہیتا ہے، گزشتہ ایک ہفتے سے بھارتی میڈیا مسلسل پاکستان کا میڈیا ٹرائل کر رہا ہے اور دنیا جہاں میں پاکستان کی سفارتی ہار کا مذاق اڑا رہا ہے، کشمیر اور سندھ طاس معاہدے پر آج تک پاکستانی حکومت اور فوج ایک انچ بھی اپنی حق کا تسلیم نہیں کروا سکے اور ہمیں امید ہے کہ اس گروپ کی رکنیت کے موقع پر بھی ایسا ہی ہوگا۔

ہماری تجارت اور عالمی منڈی میں ہماری مصنوعات کی کھپت بھی دبائو کا شکار ہے جو صرف اور صرف حکومت کی نا اہلی اور کمزور ترین خارجہ پالیسی کا نتیجہ ہے، ملک بھرسے آئے ہوئے عمائدین کی دعوت سحری کے موقع پر جمعیت علماء پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل اور مرکزی جماعت اہل سنت کے نگران اعلیٰ شاہ محمد اویس نورانی صدیقی نے کہا کہ ایٹمی توانائی کے گروپ میںبھارت کی شمولیت پاکستانی جرنیلوں کی پچاس سالہ وفاداری کے منہ پر طمانچہ ہوگا۔

اگر امریکہ کے متبال آپشن استعمال کیے ہوتے تو آج یہ دن نہ دیکھنا پڑتا، جنوبی ایشیاء کا پانی مکمل طور پر بھارت کی دسترس میںچلا گیا تو ہم نے کیا کرلیا؟ اب بھارت اس گروپ کا رکن بھی بن جائے گا ہم پھر بھی کچھ نہیں کر سکیں گے، حکمرانوں کی من پسند یعنی فیورٹ نیشن بھارت نے ٹھوس اقدامات کیے ہیںہمارے پاس نہ پانی ہے، نہ بجلی ہے اور زوال پذیر صنعتیں ہیں۔

طاہر القادری کے دھرنے کے حوالے سے شاہ محمد اویس نورانی صدیقی نے کہا کہ اب طاہرالقادری کے دھرنے کی کوئی سیاسی حیثیت نہیں رہتی ہے، ان کا دھرنہ ایک فلاپ شو ثابت ہوگا، لوگ آئیں گے او رایک سے دو افطار کر کے چلے جائیں گے، رمضان کے مہینے میں ملک کی ماں بہنوں کو شدید ترین گرمی میں سڑک پر خوار کرنا اخلاق سوزعمل، بے شرمی و بے حیائی ہے۔

نورانی میڈیا سیل۔ جمعیت علماء پاکستان