صدر اوباما فیملی کے ہمراہ تاریخی دورے پر کیوبا پہنچ گئے

Obama family

Obama family

ہوانا (جیوڈیسک) امریکی صدر براک اوباما فیملی کے ہمراہ تین روزہ دورے پر کیوبا کے شہر ہوانا کے ہوائی اڈے پر اترے۔ اوباما 88 سال میں کیوبا کا دورہ کرنے والے پہلے امریکی صدر ہیں۔ ایئر پورٹ پر کیوبا کے وزیر خارجہ برونو روڈریگز نے انکا استقبال کیا۔ صدر کے ہمراہ خاتونِ اول مشیل اوباما اور ان کی دونوں صاحبزادیاں مالیا اور ساشا بھی تھیں۔ اوباما کے وفد میں امریکی حکومت کے اعلیٰ عہدیدار اور کئی اہم کاروباری شخصیات شامل ہیں۔ صدر اوباما اور ان کے ہم منصب راؤل کاسترو کے درمیان ملاقات آج ہو گی۔

انیس سو اٹھائیس میں صدر کیلون کولریج کے بعد کسی امریکی صدر کا کیوبا کا یہ پہلا دورہ ہے۔ فیڈل کاسترو کی قیادت میں 1959ء میں کیوبا میں آنے والے کمیونسٹ انقلاب کے بعد سے واشنگٹن اور ہوانا کے سفارتی تعلقات منقطع ہو گئے تھے۔ صدر اوباما کی کیوبا سے متعلق امریکی پالیسی میں تبدیلی کے باعث دونوں ملکوں کے درمیان دسمبر دو ہزار چودہ میں براہِ راست رابطوں کا آغاز ہوا تھا۔