مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فوج کے ہاتھوں مزید 5 نوجوان شہید

Indian Army

Indian Army

سری نگر (جیوڈیسک) مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فوج نے پلوامہ اور کپواڑہ میں آپریشن کے دوران 5 کشمیری نوجوانوں کو شہید کر دیا۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فوج کے مظالم کا سلسلہ جاری ہے اور ریاستی دہشت گردی کے تازہ ترین واقعے میں بھارتی فوج نے ضلع پلوامہ اور کپواڑہ میں آپریشن کے نام پر 5 مزید کشمیری نوجوانوں کو شہید کر دیا۔

رپورٹس کے مطابق قابض فوج نے 3 نوجوانوں کو ضلع پلوامہ کے علاقے تھامونا میں شہید کیا اور ایک نوجوان کو ضلع کپواڑہ کے علاقے تنگا کچاما میں آپریشن کے دوران شہید کیا۔ بھارتی فوج نے ضلع پلوامہ میں آپریشن کے دوران ایک گھر کو بھی تباہ کیا۔
نوجوانوں کی شہادت کے خلاف مقبوضہ وادی میں قابض فوج کے خلاف بھرپور احتجاج دیکھنے میں آیا جب کہ بھارتی فوج نے مظاہرین کو روکنے کے لیے نہ صرف آنسو گیس کی شیلنگ کی بلکہ پیلٹ گن کا بھی استعمال کیا گیا اور مظاہرین پر فائرنگ بھی کی گئی جس کے نتیجے میں ایک اور نوجوان شہید اور متعدد زخمی ہوگئے ہیں۔

دوسری جانب ضلع شوپیاں کے علاقے بڈگام میں پولیس پر گشت کے دوران حملہ کیا گیا جس کے نتیجے میں 2 قابض فوجی زخمی ہوگئے ہیں۔

ادھر حریت کانفرنس نے بھارتی کارروائیوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی دہشت گردی کے باوجود کشمیری اپنی آزادی کی جدوجہد انجام تک پہنچائیں گے۔