مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوں کی دہشت گردی جاری، مزید 3 نوجوان شہید

Jammu Kashmir

Jammu Kashmir

سری نگر (جیوڈیسک) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوں نے اپنی ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائی کے دوران ضلع کپواڑہ کے علاقے لولاب میں 3 کشمیری نوجوانوں کو شہید کر دیا۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق سینئر حریت رہنماؤں نے مشترکہ طور پر جاری ایک بیان میں کہا کہ بھارت اور اسرائیل ایک منظم طریقے سے کشمیریوں اور فلسطینیوں کی نسل کشی کر رہے ہیں۔ کشمیری رہنماؤں سید علی گیلانی، میر واعظ عمر فاروق اور یاسین ملک نے کشمیریوں سے ’’یوم کشمیر‘‘ اور یکم جولائی کے جمعۃ الوداع کو ’’یوم القدس‘‘ منانے کی مشترکہ اپیل کی ہے۔

حریت رہنماؤں نے علمائے کرام اور آئمہ مساجد سے اپیل کی ہے کہ وہ جمعے کو اجتماعات میں کشمیر اور فلسطین کے مسائل کو اجاگر کریں، رہنماؤں نے کہا کہ کشمیر اور فلسطین کے مسائل کو ان علاقوں کے عوام کی خواہشات کے مطابق حل کیے بغیر دنیا میں امن قائم نہیں ہو سکتا، شبیر احمد شاہ نے ایک بیان میں کہا کہ جموں وکشمیر کی اقوام متحدہ کے ایجنڈے میں ایک مسئلے کے طور پر موجودگی ہی علاقے سے متعلق بھارتی دعوے کی نفی ہے۔