پہلا ون ڈے، انگلینڈ نے پاکستان کو 44 رنز سے ہرا دیا

Pakistan vs England

Pakistan vs England

کراچی (جیوڈیسک) پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان کھیلاجانے والا پہلا ایک روزہ میچ بارش کی نذر ہوگیا۔ بارش کے سبب کھیل کئی بار روکنا پڑا حتیٰ کہ میچ کا فیصلہ بھی ’ ڈک ورتھ لیوس میتھرڈ‘ کے تحت کرنا پڑا۔اس طریقہ کار کی رو سے پاکستان کو انگلینڈ کے ہاتھوں 44 رنز سے شکست ہوگئی۔

میچ ساؤتھمپٹن میں کھیلا گیا۔ پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور انگلینڈ کو میچ جیتنے کے لیے 261 رنز کا ہدف دیا ۔جوابی اننگز میں جب انگلینڈ 34 اعشاریہ 3 اوورز میں 193 رنز پر پہنچا تو بارش شروع ہوگئی جس کے سبب میچ روک دیا گیا۔

بارش تھمی تو فیصلہ کیا گیا کہ میچ 48 اوورز تک محدود ہوگا اور انگلینڈ کو 252 رنز بنانا ہوں گے ۔ابھی انگلینڈ کو میچ جیتنے کے لیے 14اوورز میں مزید 59 رنز درکار تھے کہ بارش پھر شروع ہوگئی اوریوں انگلینڈ کو’ ڈک ورتھ لیوس‘ کے تحت 44 رنز سے فاتح قرار دے دیا گیا۔

انگلش بیٹسمین جیسن رائے نے 65 جبکہ جائے روٹ نے 61 رنز بنائے ۔پاکستانی بالرز میں سے عمر گل اور محمد نواز نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل یعنی کھیل کے آغاز پر پاکستان ٹیم کے کپتان اظہرعلی نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیالیکن اوپنر ز ایک بار پھر اچھا آغاز فراہم کرنے میں ناکام رہےاور آئرلینڈ کیخلاف 152رنز کی دھواں دار اننگز کھیلنے والے شرجیل خان صرف 16 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔

اکتوبر 2015ء سے اب تک پاکستانی اوپنرز نے 24 اعشاریہ 90کی اوسط سے آغاز فراہم کیا ہے جو تمام ٹیموں میں کم ترین ہے اور 11 ماہ کے دوران صرف ایک مرتبہ 50 رنز سے زائد اوپننگ پارٹنر شپ بنی ہے۔

محمد حفیظ کی ناکامیوں کا سلسلہ آج بھی جاری رہا، وہ زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکے اور صرف 11 رنز بناسکے، اس کے بعد بابر اعظم کریز پر آئے اور تیز رفتار ی سے اسکور میں اصافہ کیا ، اظہر علی اور بابر اعظم کے درمیان تیسری وکٹ کی شراکت میں 61 رنز بناکر ٹیم کو دباؤ سے نکالا، اس موقع پر بابر اعظم 42گیندوں پر 40 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔

اس دوران کپتان اظہر علی نے محتاط انداز میں بیٹنگ کرتے ہوئے اپنی نصف سنچری مکمل کی جو ٹیسٹ کرکٹ میں ان کی آٹھویں نصف سنچری ہے۔وہ 110 گیندوں پر 9 چوکوں کی مدد سے 82رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

اظہر نے12 اننگز کے بعدیہ نصف سنچری بنائی ہے، انہوں نے آخری مرتبہ گزشتہ سال جولائی میں سری لنکا کے خلاف پالی کیلے میں 79 رنز کی اننگز کھیلی تھی۔

شعیب ملک بھی لمبی اننگز نہ کھیل سکے اور17 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے، وکٹ کیپر بیٹسمین سرفراز احمد نے تیز رفتاربیٹنگ کی، وہ 55رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے۔ محمد نواز 17 اور عماد وسیم 18 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔ یوں پاکستان نے مقررہ پچاس اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر260 رنز بنائے۔

انگلینڈ کی طرف سے عادل راشد نے دو جبکہ ووکس، ووڈ، پلنکیٹ اورجو روٹ نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

انگلینڈ نے ساؤتھمپٹن میں بدھ کے میچ سے قبل لگاتار پانچ میچوں میں شکست کھائی ہے، انگلش ٹیم میں اس گراؤنڈ پر آخری مرتبہ 2012ء میں ویسٹ انڈیز کے خلاف کامیابی حاصل کی تھی۔