صرف دو اہلکاروں نے فیصل آباد کو بہت بڑی تباہی سے بچایا۔ رانا فیصل وحید

Faisalabad

Faisalabad

فیصل آباد: ممتازسماجی شخصیت وآٹوپارٹس مارکیٹ جناح کالونی کے وائس چیئرمین رانا فیصل وحید نے ڈی گرائونڈ میں دہشت گردوں کیساتھ پولیس مقابلے پر رد عمل کااظہار کرتے ہوئے کہا کہ صرف دو اہلکاروں نے فیصل آباد کو بہت بڑی تباہی سے بچایا ان میں سے ایک اہلکار جس نے گولیاں لگنے کے باوجود کئی منٹ چار دہشت گردوں کا مقابلہ کرتا رہا جبکہ دوسرے شہید ہونیوالے اہلکار کو مقابلے کے اختتام پر جس طرح گھسیٹ کر پولیس کے ڈالے میں ڈالا گیا وہ انتہائی افسوسناک اورقابل مذمت ہے۔

پولیس اہلکاروں کے اس اقدام سے محکمانہ بے حسی بھی واضح ہوگئی ہے’ انہوں نے کہا کہ جب پولیس مقابلے میں کوئی ڈاکو مارا جاتا ہے تو اسے ہمیشہ گھسیٹ کر ڈالے میں پھینکا جاتا ہے مگر منگل کے روز یہی طریقہ ایک اہلکار پر استعمال کیا گیا ‘ کیا محکمہ پولیس کے پاس ایمبولینسزختم ہو گئی ہیں؟ کیا ریسکیو 1122 والوں نے شہید اہلکارکو اٹھانے سے انکار کردیا تھا؟۔

رانا فیصل وحید نے مزید کہا کہ اگر شہید اہلکار ایک ہوٹل کے کارنر پر کھڑی کار کے سواروں کی چیکنگ نہ کرتا تو آج فیصل آباد بہت بڑی تباہی سے دوچار ہو سکتا تھا’ موجودہ سی پی او جو کہ دو غیرملکی مشنز پر جا کراپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کر چکے ہیں کیاانہوں نے کبھی اپنی زندگی میںاس طرح شہیدوں کو گھسیٹ کر ڈالوں میں پھینکتے دیکھا ہے اگر نہیں دیکھا تو وہ ایک شہید کی تذلیل اور بیحرمتی کرنیوالوں کا محاسبہ کریںتاکہ آئندہ کوئی اس قسم کی قبیح حرکت نہ کر سکے۔