اوگرا نے وزیراعظم کی منظوری کے بغیر نوٹی فکیشن جاری کر کے حکومت دشمنی کا ثبوت دیا۔ طاہر جمیل

Tahir Jamil

Tahir Jamil

فیصل آباد : پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صوبائی رہنمااور انجمن تاجران منٹگمری بازار کے صدر حافظ طاہر جمیل میاں نے وزیراعظم کی جانب سے گیس کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ کو غیر ضروری قرار دے کر واپس لینے کے فیصلے کو خوش آئند اور عوام دوستی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اوگرا نے وزیراعظم کی منظوری کے بغیر نوٹی فکیشن جاری کر کے حکومت دشمنی کا ثبوت دیا تھا مگر عوام کے منتخب وزیراعظم نے اس فیصلے کو بلاجواز غیر ضروری قرار دے کر کروڑوں عوام کے دلوں کی ترجمانی کی ہے’ 38 فیصد اضافہ سے گھریلو بل 150 روپے زائد آتے جبکہ کمرشل بلز بھی 80 فیصد تک بڑھ جانے تھے۔

انہوں نے کہا کہ آئندہ یکم جنوری سے حکومت پٹرولیم قیمتوں میں کمی کرکے عوام کو نئے سال کا بہترین تحفہ دیگی عالمی منڈی میں گرتی ہوئی قیمتوں کا عوام کو ریلیف دیناحکومت کا بہترین کارنامہ ہے بلاشبہ تاریخ میاں نوازشریف اور شہباز شریف کی عوام و وطن دوستی کو کبھی فراموش نہیں کرسکے گی۔

حافظ طاہر جمیل نے مزید کہا کہ یکم جنوری سے مہنگائی کے آگے ایک اور پل باندھا جائے گا اس کے نتیجہ میں لوگوں کا معیارزندگی بلند ہوگا ‘ پاکستان کی تاریخ میں یہ پہلی حکومت ہے جو عوام سے کئے گئے تمام وعدے پورے کررہی ہے ‘ انشاء اللہ مسلم لیگ (ن) آئندہ عام انتخابات میں بھی تاریخ سازکامیابی حاصل کرے گی کیونکہ عوام کی اس کے علاوہ اورکوئی چوائس نہیں ہے۔