او آئی سی کو مقبوضہ کشمیر میں مظالم کا جائزہ لینے کیلئے کمشن بھیجنا چاہئے : صدر ممنون

Mamnoon Hussain

Mamnoon Hussain

اسلام آباد (جیوڈیسک) صدر ممنون حسین نے کہا ہے کہ او آئی سی کو مسئلہ کشمیر سمیت امت اسلامیہ کو درپیش مسائل کے حل کے لئے مؤثر آواز بلند کرنا چاہئے۔ صدر گزشتہ روز کشمیر کے بارے میں او آئی سی کے گروپ کے سیکرٹری جنرل سے بات چیت کر رہے تھے۔

او آئی سی کے نمائندہ نے منگل کے روز صدر ممنون حسین سے ایوان صدر میں ملاقات کی۔ صدر نے کہا کہ او آئی سی کے استنبول اجلاس میں کشمیر کے مسئلہ کے حل کیلئے بھرپور طور پر آواز اٹھائی گئی۔ کشمیری عوام طویل عرصہ بھارت کے جبر اور ظلم کو برداشت کر رہے ہیں۔ لاکھوں کشمیریوں نے اپنی حق خوداختیاری لینے کیلئے جانوں کے نذرانے پیش کئے ہیں۔ صدر نے کہا کہ او آئی سی کو مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے مظالم کا جائزہ لینے کے لئے اپنا کمشن بھیجنا چاہئے۔

صدر نے کہا کہ مسئلہ کشمیر اس خطے میں مسائل کی بنیاد ہے۔ جب تک کشمیر کا مسئلہ حل نہیں ہوتا خطے میں مسائل موجود رہیں گے۔ کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق مسئلہ کا پرامن حل تلاش کرنا ضروری ہے۔ صدر نے کہا کہ او آئی سی کو کشمیر اور … نگورنو کاراباخ، سوڈان، یمن جیسے مسائل حل کرنے کیلئے اپنا کردار ادا کرنا ہو گا۔ آن لائن کے مطابق صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ پاکستان زراعت کے شعبے میں جنوبی کوریا کے تجربات سے فائدہ اٹھانے کا خواہشمند ہے۔

اس سلسلے میں کاشت کاروں کے ایکسچینج پروگرام سمیت کئی دوسرے پروگرام تشکیل دیے جاسکتے ہیں۔صدر مملکت نے یہ بات جنوبی کوریا کے سبکدوش ہونے والے سفیر سونگ جونگ ہوان سے بات چیت کرتے ہوئے کہی جنہوں نے گزشتہ روزایوان صدر میں ان سے ملاقات کی۔

صدر نے کہا کہ پاکستان کی زرعی یونیورسٹیوں اور جنوبی کوریا کے زرعی تحقیق کے اداروں کے درمیان تعاون بھی اس سلسلے میں سود مند ثابت ہو سکتا ہے۔ صدر مملکت نے بتایا کہ موجودہ دور میں معیشت کے استحکام کیلئے بڑے مؤثر اقدامات کیے گئے ہیں جن کے نتیجے میں معیشت مضبوط ہورہی ہے اور عوام کے مسائل میں کمی آرہی ہے۔

پاکستان کی اقتصادی بہتری کی تصدیق بین الاقوامی ادارے بھی کر رہے ہیں۔ ملک میں امن و امان کی صورتحال بہتر ہو رہی ہے اور آپریشن ضرب عضب اس سال کے آخر تک اپنے مقاصد کے حصول میں کامیاب ہو جائے گا۔ مزید برآں صدر ممنون حسین نے کہا ہے کہ دل کے امراض سمیت صحت عامہ کی سہولتوں اور معیار میں اضافے کی ضرورت ہے۔

یہ بات انہوں نے میجر جنرل (ر) مسعود الرحمن کیانی، چیئر مین پاکستان نیشنل ہارٹ ایسوسی ایشن (پناہ) سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔صدر نے کہا کہ دل کے امراض سے متعلق لوگوں میں آگہی پیدا کرنے کے لیے ایک جامع اور مربوط منصوبہ بندی کی ضرورت ہے۔ صدر نے چیئرمین پناہ کو ہدایت دی کہ وہ پیمرا سے رابطہ کر کے دل کے امراض کے متعلق آگاہی کے لیے الیکٹرانک میڈیا پر مہم چلائیں۔