آئل پرائسز میں کمی سے 2 ارب 85 کروڑ ڈالر کی بچت

Oil

Oil

کراچی (جیوڈیسک) پاکستان کو آئل پرائسز میں کمی سے گزشتہ 7 ماہ کے دوران 2 ارب 84 کروڑ 68 لاکھ 89 ہزار ڈالر کی بچت ہوئی۔

پاکستان بیورو شماریات (پی بی ایس) سے جاری اعدادوشمار کے مطابق رواں مالی سال جولائی 2015 سے جنوری 2016 کے دوران پاکستان نے بیرون ملک سے 4 ارب 66 کروڑ 30 لاکھ 62 ہزار ڈالر کی خام اور تیار پٹرولیم مصنوعات خریدیں جبکہ گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 7 ارب 50 کروڑ 99 لاکھ 51 ہزار ڈالر کی درآمد کی گئی تھیں، اس طرح رواں مالی سال کے دوران اب تک پاکستان کا پٹرولیم گروپ کا درآمدی بل 37.91 فیصد کم ہو چکا ہے۔

پی بی ایس کے مطابق گزشتہ 7ماہ کے دوران 3 ارب 8 کروڑ 13 لاکھ 78 ہزار ڈالر کی 62 لاکھ 89 ہزار 762 میٹرک ٹن ریفائن پٹرولیم مصنوعات درآمد کی گئیں جبکہ گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 4 ارب 68 کروڑ 52 لاکھ 56 ہزار ڈالر کی 66 لاکھ 92 ہزار 588 میٹرک ٹن تیار پٹرولیم مصنوعات کی درآمد کی گئیں تھیں۔

اگرچہ اس مدت میں پٹرولیم مصنوعات کی درآمد میں صرف 6.02 فیصد کمی آئی تاہم تیل پرائسز میں نمایاں کمی کے باعث ریفائن پٹرولیم مصنوعات کا درآمدی بل 34.23 فیصد گھٹ گیا، جولائی سے جنوری تک مالیت کے لحاظ سے 44.01 فیصد کمی سے 1ارب 58 کروڑ 16 لاکھ 84 ہزار ڈالر کا 37 لاکھ 65 ہزار 987 میٹرک ٹن خام تیل درآمد کیاگیا جبکہ گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 2 ارب 82 کروڑ 46 لاکھ 95 ہزار ڈالر کا 37 لاکھ 36 ہزار 697 میٹرک ٹن خام تیل درآمد کیا گیا تھا۔

اس طرح حجم کے لحاظ سے تیل کی درآمد میں 0.78 فیصد اضافہ ہوا۔ بیوروشماریات کے مطابق جنوری 2016 میں10.77 فیصد کمی سے 48 کروڑ 24 لاکھ 74 ہزار ڈالر کی ریفائن پٹرولیم مصنوعات اور کروڈ منگوایا گیا، جنوری 2015 میں پٹرولیم گروپ کی درآمدات 56 کروڑ 30 لاکھ 27 ہزار ڈالر تھیں۔

گزشتہ ماہ 3.20 فیصدکے اضافے سے 37 کروڑ 70 لاکھ 7 ہزار ڈالر کی 12 لاکھ 29 ہزار 52 میٹرک ٹن ریفائن پٹرولیم مصنوعات اور 39.87 کمی سے 10 کروڑ 54 لاکھ 67 ہزار ڈالر کا 5 لاکھ 85 ہزار میٹرک ٹن پٹرولیم کروڈ درآمد کیاگیا، حجم کے لحاظ سے ریفائن مصنوعات کی درآمد 105.31 فیصد زیادہ جبکہ خام تیل کی 116.36 فیصد کم رہی۔