عمر اکمل پر 3 میچز کی پابندی، جرمانے کی سفارشات تیار

Umar Akmal

Umar Akmal

لاہور (جیوڈیسک) عمر اکمل اور مکی آرتھر تنازع پر بننے والی پاکستان کرکٹ بورڈ کی انکوائری کمیٹی نے قومی کرکٹر پر تین میچز کی پابندی اور بھاری جرمانے کی سفارشات تیار کر لیں۔

قومی کرکٹر نے 16 اگست کو پریس کانفرنس کرتے ہوئے کوچ مکی آرتھر پر گالیاں دینے اور نامناسب رویہ اپنانے کا الزام عائد کیا تھا، جس پر 19 اگست کو کرکٹ بورڈ نے قومی کرکٹر کو شوکاز نوٹس بھیجا اور جواب طلب کیا۔

14 ستمبر کو آخری بار عمر اکمل نے پی سی بی انکوائری کمیٹی کے سامنے جواب جمع کرایا، جسے کمیٹی نے رد کیا۔ عمر اکمل نے اپنے جواب میں پریس کانفرنس کو غصے کا نتیجہ قرار دیا تھا۔

ذرائع کے مطابق کمیٹی نے قومی کرکٹر پر تین میچز کی پابندی اور بھاری جرمانے کی سفارش کی ہے ۔ کمیٹی سفارشات چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی کو بھجوائے گی جو اس پر حتمی فیصلہ کریں گے ۔