پیاز کھائیں اور ہر موسم میں صحت مند رہیں

Onion

Onion

پیاز ہمارے کھانوں میں لازمی جزو کا درجہ رکھتا ہے لیکن عمومی صحت کے معاملے میں اس کے بہت سے فائدے بھی ہیں جن سے عام طور پر ہم واقف ہی نہیں یا پھر انہیں سرے سے نظر انداز کر جاتے ہیں۔

پیاز میں وٹامن سی کے علاوہ ایسے قدرتی کیمیکلز بھی شامل ہوتے ہیں جو بیماریوں کے خلاف ہمارے جسم کے دفاعی نظام یعنی امیون سسٹم کو مضبوط بناتے ہیں۔ کرمیم کہلانے والی ایک قدرتی دھات بھی پیاز میں موجود ہوتی ہے جس کی بدولت خون میں شکر کی مقدار قابو رکھنے میں مدد ملتی ہے۔

زخموں میں جلن کم کرنے اور ایڑھیوں کی تکلیف سے چھٹکارا پانے میں بھی پیاز کی افادیت صدیوں سے تسلیم شدہ ہے ۔اگر پیاز کو پکائے بغیر، خام حالت میں کھایا جائے تو یہ جسم کو نقصان پہنچانے والے کولیسٹرول یعنی ‘‘ایل ڈی ایل’’ کو بننے سے روکتا ہے اور آپ کو بلڈ پریشر اور دل کی بیماریوں سے محفوظ کرنے میں بھی مدد کرتا ہے۔

اگر شہد کی مکھی کاٹ لے تو متاثرہ جگہ پر پیاز کا رس لگانے سے درد کی شدت میں بہت کمی واقع ہوجاتی ہے ۔کچا پیاز/ ہرے پیاز کا سبز بالائی حصہ وٹامن اے سے بھرپور ہوتا ہے جسے روزانہ تھوڑی سی مقدار میں کھانے سے ہڈیوں کی نشوونما بہتر ہوتی ہے۔