آپریشن ضرب عضب آخری دہشت گرد کے خاتمے تک جاری رہے گا: ممنون حسین

Mamnoon Hussain

Mamnoon Hussain

کاکول (جیوڈیسک) ملٹری اکیڈمی کاکول میں پی ایم اے لانگ کورس کی 134 ویں پاسنگ آؤٹ پریڈ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر ممنون حسین کا کہنا تھا کہ آپریشن ضرب عضب آخری دہشت گرد کے خاتمے تک جاری رہے گا۔

صدر ممنون حسین کا کہنا ہے کہ پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کی سازشوں سے بالکل بھی لاعلم نہیں ہیں اور ان سے نمٹنے کے لئے ہر ممکن اقدامات کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان بہت کوششوں اور جدوجہد کے بعد معرض وجود میں آیا تھا، ملکی ترقی کے باوجود بعض پہلو ایسے بھی ہیں جن پر توجہ دینے کی ضرورت ہے اورحکومت ان سے غافل نہیں ہے۔

صدر ممنون حسین کا کہنا تھا کہ پاک فوج کے جوان جذبہ حب الوطنی سے سرشار ہیں اور اس کا مشاہدہ طویل عرصے سے جاری غیر روایتی جنگ اور آپریشن ضرب عضب میں کیا جا سکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہم نے بے مثال قربانیاں دیں ہیں جس کا اعتراف عالمی برادری بھی کرتی ہے، ہماری دی ہوئی قربانیاں رنگ لا رہی ہیں۔

دہشت گردی کے خلاف قومی اتحاد کا ثبوت آپریشن ضرب عضب میں نمایاں ہے جو آخری دہشت گرد کے خاتمے تک جاری رہے گا ۔ صدر ممنون حسین نے مزید کہا کہ پاکستان اپنے ہمسایہ ممالک کے ساتھ خوشگوار اور دوستانہ تعلقات کا خواہشمند ہے لیکن خطے میں دیرپا امن کے لئے کشمیر سمیت تمام متنازع امور کا حل ضروری ہے کیونکہ ان مسائل کی وجہ سے علاقائی امن داؤ پر لگا ہوا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت پاکستان ملک کو درپیش اندرونی و بیرونی مسائل سے نمٹنے کے لئے افواج پاکستان کی ہر ضرورت کو پورا کرے گی۔