آپریشن ضرب عضب سے دہشت گردوں کا نیٹ ورک ختم ہو گیا: آرمی چیف

Raheel Sharif

Raheel Sharif

راولپنڈی (جیوڈیسک) آئی ایس پی آر کے مطابق، آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے جنوبی اور شمالی وزیرستان کا دورہ کیا اور یونس خان سپورٹس کمپلکس میران شاہ سمیت کئی ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کیا۔

سپورٹس کمپلکس کے افتتاح کے موقع پر چیئرمین پی سی بی شہریار خان بھی موجود تھے۔ قبائلی جرگے سے خطاب کرتے ہوئے جنرل راحیل شریف نے کہا کہ آپریشن ضرب عضب سے قبائلی علاقوں سے دہشت گردوں کا نیٹ ورک ختم ہو گیا۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کے مکمل خاتمے کے مقصد کے حصول کے قریب ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ضرب عضب سے کئی کامیابیاں حاصل ہوئیں، آئندہ نسلوں کو محفوظ پاکستان دیں گے۔

اپنے خطاب میں آرمی چیف نے قبائلی عمائدین کے سکیورٹی فورسز سے تعاون کو سراہا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق، قبائلی عمائدین نے دہشت گردوں کے خاتمے اور قیام امن پر آرمی چیف کا شکریہ ادا کیا جبکہ آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے آپریشن کے باعث نقل مکانی کرنے والے قبائلیوں کی مقررہ وقت پر ان کے گھروں کو باعزت واپسی یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق، آرمی چیف نے بنوں میران شاہ اور غلام خان روڈ کا افتتاح کیا۔ یو ایس ایڈ کے تعاون سے تعمیر ہونے والی 84 کلو میٹر طویل سڑک سے افغانستان کے لئے مختصر ترین تجارتی راستہ بن گیا ہے اور اس کی تعمیر کے ساتھ ہی 705 کلو میٹر طویل سٹریٹیجک سینٹرل ٹریڈ کوریڈور بھی مکمل ہو گیا ہے۔

نئی سڑک سے بنوں اور غلام خان سرحدی چیک پوسٹ کے درمیان مسافت 6 گھنٹے سے کم ہو کر صرف ڈیڑھ گھنٹہ ہو گئی ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق، آرمی چیف نے جدید سہولیات سے آراستہ یونس خان سپورٹس سٹیڈیم کا بھی افتتاح کیا جہاں فاٹا الیون اور یونس خان الیون کے درمیان نمائشی میچ بھی کھیلا گیا۔

آرمی چیف نے چک ملائی میں نوتعمیر شدہ آرمی پبلک سکول کا بھی دورہ کیا۔ اس دورے کے دوران آرمی چیف کی اہلیہ بھی ان کے ساتھ تھیں۔ آرمی چیف کی اہلیہ نے قبائلی خواتین سے ملاقاتیں کیں اور ان کے مسائل سنے۔ بیگم جنرل راحیل شریف نے قبائلی خواتین کی قربانیوں کو سراہا۔