آپریشن ضرب عضب دہشت گردی کے خلاف دنیا کی سب سے بڑی مہم ہے، ملیحہ لودھی

Maliha Lodhi

Maliha Lodhi

نیو یارک (جیوڈیسک) اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی نے کہا ہےکہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف عالمی جنگ میں صف اول کا ملک رہا ہے جب کہ آپریشن ضرب عضب دہشت گردی کے خلاف دنیا میں سب سے بڑی مہم ہے۔

سرکاری خبر رساں ادارے کے مطابق ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے دہشت گردی کے خاتمے کے بارے میں سلامتی کونسل کے مباحثے میں اظہار خیال کرتے ہوئے عالمی برادری پر دہشت گردی کے فوری اور مکمل خاتمے کے لیے تعاون پر زور دیا جب کہ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف عالمی جنگ میں صف اول کا ملک رہا ہے اور پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف مہم میں نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں۔

ملیحہ لودھی نے کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہزاروں انسانی جانیں قربان کی ہیں لیکن اس کے باوجود اپنی سرزمین پر دہشت گردی کے خاتمے کے لیے ہمارا عزم غیر متزلزل ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی جانب سے آپریشن ضرب عضب دہشت گردی کے خلاف دنیا کی سب سے بڑی مہم ہے جس کے تحت دہشت گردوں کے خفیہ ٹھکانوں، سہولت کاروں، ہمدردوں اور مالی معاونت کاروں کے خلاف بھی کارروائی جاری ہے۔