مخالفین نے الزام تراشی کے سوا کچھ نہیں کیا، الیکشن میں ضمانتیں ضبط ہوں گی۔ میاں نواز شریف

 Mian Nawaz Sharif

Mian Nawaz Sharif

لیہ (جیوڈیسک) وزیر اعظم پاکستان میاں نواز شریف نے مسلم لیگ ن کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مخالفین کی دس جلسیاں بھی سماء جائیں پھر بھی یہ جلسہ بڑا ہے، مخالفین بڑے بڑے بلب جلا کر دھوکا دیتے ہیں۔ وزیر اعظم نے کہا کہ آج تو کمال ہو گیا ہے، ایک میل لمبا جلسہ ہے، سوشل میڈیا پر اسلام آباد کی جلسی دیکھی تھی، کرسیاں خالی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ جلسہ تو شیروں کا ہے، مخالفین تو جلسیاں کرتے ہیں، آج لیہ کے عوام نے خوش کر دیا ہے، بڑے بڑے بلبوں کے نیچے ان کی کرسیاں خالی ہوتی ہیں۔

وزیر اعظم نے مزید کہا کہ لوڈ شیٖڈنگ کی لعنت ختم کرنے کا وعدہ کیا تھا، اب نئے کارخانوں نے بجلی بنانا شروع کر دی ہے، اگلے سال کے شروع تک 10 ہزار میگا واٹ بجلی سسٹم میں لے کر آئیں گے، سب کارخانے اگلے سال تک مکمل ہو جائیں گے اور 10 ہزار میگا واٹ بجلی سسٹم میں شامل کریں گے۔ وزیر اعظم نے یہ بھی کہا کہ کسان بھائیوں کے لئے ٹیوب ویل کی بجلی بھی سستی کریں گے، آج لیہ سے تونسہ تک پل بنایا جا رہا ہے، 180 کلو میٹر فاصلہ 24 کلو میٹر میں سمٹ رہا ہے۔

کاشت کاروں کو سستی بجلی اور کھاد بھی مہیا کر رہے ہیں اور سڑکیں بنا کر فاصلے کم کر رہے ہیں۔ وزیر اعظم نے کہا کہ اسے کہتے ہیں عوام کی خدمت، نواز شریف فیتا کاٹ کر نہیں جاتا وعدہ پورا کرتا ہے، پل کا کام فوری طور پر شروع ہونا چاہئے۔ ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف اپنے دوستوں کو کبھی نہیں بھولتا، اچھا لگتا ہے کہ جب منتخب ارکان اسمبلی ترقی کی بات کرتے ہیں، لوڈ شیڈنگ کی لعنت ہمیشہ کے لئے ختم کر دیں گے، ہم نے کھاد سستی کی، مستقبل میں مزید سستی کریں گے۔

انہوں نے بتایا کہ لیہ تونسہ پل پر 700 کروڑ روپے خرچ ہوں گے، پاکستان کے دشمن چاہتے ہیں کہ سی پیک نہ بنے، دشمن چاہتے ہیں کہ موٹر وے نہ بنے اور پاکستان ترقی نہ کرے، مستحکم نہ ہو۔ ان کا کہنا تھا کہ مخالفین چاہتے ہیں کہ سڑکیں نہ بنیں اور ترقی نہ ہو، مخالفین چار سال سے یہی شور مچا رہے ہیں۔ وزیر اعظم نے دعویٰ کیا کہ ہمارے مخالفین کا ایجنڈا تخریب کاری اور جھوٹ بولنا ہے، مخالفین نے 4 سال میں کبھی کوئی کام کی بات نہیں کی، سیاسی مخالفین کا ایجنڈا جھوٹ بولنا اور الزام تراشی ہے۔

وزیر اعظم کا مزید کہنا تھا کہ مخالفین روز گالیاں نکالتے ہیں، ہم گالی کا جواب نہیں دیتے، ہم ترقی کی بات کرتے ہیں۔ مخالفین لیہ میں اپنے امیدوار کو لائیں ضمانت ضبط نہ ہو جائے تو کہنا۔ وزیر اعظم نے دعویٰ کیا کہ میرے پاس شیر ہیں، گیدڑ شیروں کا مقابلہ نہیں کر سکتے خواہ 100 گیدڑ اکٹھے ہو کر ہی کیوں نہ آ جائیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ آج یہاں آیا لیکن دل نہیں بھرا الیکشن سے پہلے پھر آؤں گا، الیکشن میں کامیابی سے پہلے لیہ والوں کا ماتھا چومنا چاہتا ہوں۔ انہوں نے لوگوں کو مخاطب کرکے کہا کہ آپ کا جذبہ میرا سرمایہ ہے، میرا دل چاہتا ہے کہ دن سے لیکر رات تک آپ کی خدمت کروں۔

وزیر اعظم نے لیہ کیلئے ہیلتھ کارڈ جاری کرنے کا اعلان بھی کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ سیاست کو ہمیشہ عبادت سمجھا، زندگی میں کبھی کسی پر کیچڑ نہیں اچھالا، اپنی زبان گندی نہیں کی۔ انہوں نے لوگوں سے سوال کیا کہ دوسروں پر کیچڑ اچھالنے والا کیا آپ کا لیڈر ہو سکتا ہے؟ وزیر اعظم نے دعویٰ کیا کہ نیا خیبر پختونخوا بنانے کا دعویٰ کرنے والوں نے صوبے کو برباد کر دیا ہے۔