مخالفین ملک کو پسماندگی کی جانب دھکیلنے کے درپے ہیں، وزیر اعظم پاکستان

Nawaz Sharif

Nawaz Sharif

کہوٹہ (جیوڈیسک) وزیراعظم پاکستان نوازشریف کا کہنا ہے کہ حزب اختلاف ملک کو کسی طریقے سے 50 سال پیچھے لے جانے کے درپے ہے۔

کہوٹہ کے علاقے نڑھ میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ ہمارے مخالفین ملکی ترقی کا راستہ روکنا چاہتے ہیں ، ایسا لگتا ہے کہ انہیں ملکی ترقی کھٹکتی ہے یہ ترقی کی راہ میں رکاوٹیں پیدا کرتے ہوئے پاکستان کو مزید پسماندہ بنانے کے متمنی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ لوگوں کی پگڑیاں اچھالنے والا، گالیاں دینے والا اور مسلسل جھوٹ بولنے والا عوام کا لیڈر اور رہنما نہیں ہوسکتا۔ نواز شریف نے مزید کہا کہ ہم نے ایٹمی دھماکے کیے اور ملک میں موٹر ویز بنائیں، کہوٹہ اور نڑھ میں بھی دو رویہ ایکسپریس وے کی تعمیر کا کام عنقریب شروع ہونے والا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے عوام کا پیسہ ان کی امانت ہے اور یہ عوام کی بہتری پر ہی خرچ ہونا چاہیے، ملک میں معاشی اور دفاعی ترقی ہمارے دور میں ہوئی، دہشت گردی کی کمڑ توڑدی گئی ہے جب کہ ریلوے اور پی آئی اے اپنے پاؤں پر کھڑی ہورہی ہے۔ہ ملک میں ترقی کا سفر بہت زور شور سے جاری ہے اور جاری رہے گا اس کو روکنے والے کامیاب نہیں ہوں گے۔

نواز شریف نے یہ بھی واضح کیا کہ ہم محنت اور دیانت داری سے کام کررہے ہیں اور یہی وجہ ہےکہ مخالفین کی نیندیں حرام ہو چکی ہیں۔ سن 2018 کے الیکشن میں بھی جیت ہماری ہی ہو گی۔