اپوزیشن ٹانگیں کھینچنے کے بجائے تعاون کی سیاست کرے، احسن اقبال

 Ahsan Iqbal

Ahsan Iqbal

تھرپارکر (جیوڈیسک) وفاقی وزیرِ داخلہ چودھری احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان کا مستقبل سیاسی استحکام سے جڑا ہوا ہے۔ انتخابات میں صرف چھ ماہ رہ گئے ہیں، مگر ایسی افراتفری کیوں ہے۔

وزیر داخلہ نے ان خیالات کا اظہار تھرپاکر کے گاؤں سینگاریو میں آر او پلانٹ کے افتتاح کے موقع پر کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کا مستقبل سیاسی استحکام سے جڑا ہوا ہے۔ سیاسی استحکام کے بغیر اقتصادی ترقی نہیں ہو سکتی۔ ہم سیاسی استحکام سے ملک میں جاری افراتفری ختم کرنا چاہتے ہیں۔ آج ہم سیاسی نہیں، معیشت کے مقابلے کی دوڑ میں داخل ہو چکے ہیں۔ امید کرتا ہوں ترقیاتی منصوبوں کے ذریعے پاکستان کو مضبوط معیشت بنانے میں کامیاب ہونگے۔

انہوں نے کہا کہ انتخابات میں صرف چھ ماہ رہ گئے ہیں، مگر ایسی افراتفری کیوں ہے؟ اپوزیشن ٹانگیں کھینچنے کے بجائے تعاون کی سیاست کرے۔ اپوزیشن دھرنوں کی سیاست کی بجائے معیشت کی دوڑ میں ساتھ دے۔ وزیر داخلہ نے اس موقع پر بھارت کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ ہمسایہ ملک سمیت خطے کے کسی اور ملک میں دھرنے نہیں ہیں، وہ معیشت کی دوڑ میں ہم سے آگے نکل چکے ہیں۔

احسن اقبال کا جنرل اسمبلی اجلاس میں امریکی مخالفت پر پاکستانی ووٹ بارے بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ دنیا کے چند ممالک نے امریکا کا ساتھ دیا لیکن بیشتر نے مخالفت کی۔ پوری دنیا نے ترکی اور پاکستان کی پیش کردہ قرارداد کی حمایت کی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان خود مختار ملک ہے۔ ہم اپنی خارجہ پالیسی خود بناتے ہیں۔ قائدِ اعظم محمد علی جناح نے بھی فلسطین کا ساتھ دیا تھا۔ پاکستان نے ہمیشہ اس موقف کا اعادہ کیا ہے کہ ہم خطے میں امن چاہتے ہیں۔ پاکستانی قوم کو کوئی عزت کے ساتھ زہر کا پیالہ پلائے تو شاید پی جائیں۔ امریکا کیلئے لمحہ فکریہ ہے کہ دنیا کی سپر پاور دنیا میں تنہا کیوں ہو گئی ہے۔