اورنج لائن ٹرین منصوبہ پر چائنہ کی سو فیصد سرمایہ کاری ہے، خواجہ احمد حسان

Khawaja Ahmad Hassan

Khawaja Ahmad Hassan

لاہور (جیوڈیسک) مسلم لیگ (ن) کے زیر اہتمام لاہور کے صدر و رکن قومی اسمبلی پرویز ملک کی صدارت میں ’’اورنج لائن میٹرو ٹرین ‘‘ پر ایک سیمینار کا انعقاد کیا گیا جس سے خواجہ احمد حسان، ن لیگ لاہور کے جنرل سیکرٹری خواجہ عمران نذیر رکن قومی اسمبلی شائستہ پرویز ملک، رکن پنجاب اسمبلی چوہدری شہباز سمیت دیگر نے خطاب کیا۔سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے لاہور کے متوقع لارڈ میئر خواجہ احمد حسان نے کہا کہ لاہور اورنج لائن میٹر و ٹرین منصوبہ دسمبر 2017ء تک مکمل ہو جائے گا۔

اورنج لائن میٹرو ٹرین منصوبے میں راعی کے دانہ کے برابر بھی کمشن کی صداقت نہیں ہے،پاکستان کی تاریخ کا یہ پہلا پروجیکٹ ہے جس پر چائنہ 100فیصد سرمایہ کاری کررہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی کوششوں سے اورنج لائن میٹرو ٹرین منصوبہ میں 70ارب کی بچت ہوئی اور دنیا میں سب سے سستا منصوبہ ہے ۔انہوں نے کہا کہ 2018ء کے آغاز میں ملک سے اندھیروں کو مکمل طور پر ختم کردیا جائے گا۔

پرویز ملک نے کہا کہ میٹرو بس پروجیکٹ کی تکمیل کے بعد اورنج لائن منصوبہ لوگوں کی خواہش تھی۔ منصوبے کے لئے سرکاری زمین کا زیادہ سے زیادہ استعمال کرکے شہریوں کو کم ازکم پریشان کرنے کی کوشش کی گئی۔

رکاوٹیں ڈالنے والے عوام اور ملک کے خیرخواہ نہیں ۔ ن لیگ لاہور کے جنرل سیکرٹری خواجہ عمران نذیر نے کہاکہ یہ لوگ جانتے ہیں کہ اگر ملک میں جاری سی پیک منصوبے مکمل ہو جاتے ہیں تو ان کی دھرنا سیاست ہمیشہ کے لئے دفن ہو جائے گی۔