غیروں کے نقش قدم کو اپنانے کا نتیجہ امت کو ذلت و رسوائی کی شکل میں مل رہا ہے، راشد نسیم

Jamaat e Islami

Jamaat e Islami

کراچی (پ ر) نائب امیر جماعت اسلامی صوبہ سندھ راشد نسیم نے کہا ہے کہ بحیثیت ملت اور قوم کے یہ عہد کرنا ہوگا کہ ہم پوری دنیا میں اسلام کے آفاقی اور عادلانہ نظام کے قیام کے لئے جدوجہد کریں گے، باہمی اختلافات کو بھلاکر اتحاد ویکجہتی اور باہمی اخوت ویگانگت کا مظاہرہ کریں گے،غیروں کے نقش قدم کو اپنانے کا نتیجہ آج امت کو ذلت و رسوائی کی شکل میں مل رہا ہے، تاریخ گواہ ہے کہ دامن مصطفی ۖ کو تھامنے والے آدھی دنیا پر حکومت کرگئے۔

اس بات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی زون گلبرگ کے تحت قباء آڈیٹوریم میں منعقدہ ”عید ملن” سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ عید کی خوشیوں کا حقیقی حقدار وہ ہے جس نے ماہ رمضان المبارک میں اللہ تعالیٰ کی رضا جوئی کے لئے کوششیں کیں ،فرائض، نوافل اور صدقات کے ذریعے رب کی قربت حاصل کرنے کی کوششیں کی ۔ پورے مہینے اللہ تعالی کی رضا اور خوشنودی کیلئے مومن سخت محنت اور ریاضت کے بعد جب عید مناتا ہے تو اللہ تعالی کی بخشش اور رحمت اس کی منتظر ہوتی ہے۔ قرآن کا مقصد ایک نئے قسم کا انسان اور قرآن کے پیش کردہ نظام پر مبنی معاشرے کی تشکیل ہے۔ تاریخ بتاتی ہے کہ امت مسلمہ نے عروج قرآنی تعلیمات کو تھام کر حاصل کیا۔ قرآن کی شفاعت کے لئے اس سے تعلق مضبوط کرنا ہوگا اور مطلوب حقیقی تعلق کے لئے اس کی تلاوت اور ذکر کے ساتھ اس کے احکامات پر عمل کے بغیر ممکن نہیں۔ امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ عالم اسلام اسلام لہو لہان ہے ،عراق،افغانستان ،کشمیر ،شام اور فلسطین میں آگ اور خون کی بارش جاری ہے ۔طاغوتی اور سامراجی قوتوں نے مسلمانوں کی نسل کشی کے لئے ایکا کر لیا ہے۔

عالمی برادری کھلم کھلا اسلام دشمنی کا ثبوت دے رہی ہے ،بد قسمتی سے مسلم حکمران عوام کے احساسات و جذبات کی ترجمانی کے بجائے امریکہ اور سامراجی طاقتوں کے مفادات کی نگہبان بن گئے ہیں ،اس عید پر ہمیں بحیثیت ملت اور قوم کے یہ عہد کرنا ہوگا کہ ہم پوری دنیا میں اسلام کے آفاقی اور عادلانہ نظا کے قیام کے جدوجہد کریں گے ،باہمی اختلافات کو بھلاکر اتحاد ویکجہتی اور باہمی اخوت ویگانگت کا مظاہرہ کریں گے ۔انہوں نے کہا کہ عید کی خوشیوں میں دنیا بھر کے مظلوم مسلمانوں کو یاد رکھنے کی ضرورت ہے۔امیر زون گلبرگ کامران سراج نے کہا کہ جماعت اسلامی ملک میں اسلامی انقلاب اور حقیقی تبدیلی کی خواں ہے، کارکنان کی قربانیوں اور انفاق کی بدولت تحریک میں توانائی اور تازگی برقرار ہے، بزرگ ارکان جماعت اسلامی کا اثاثہ ہے اور ان کی خدمات ہمارے لئے مشعل راہ ہے۔انہوں نے کہا کہ داعی کی حیثیت سے اسوہ رسولۖ کو اپناتے ہوئے اپنے قول اور عمل سے اپنی دعوت کا عملی نمونہ بن کر دکھانا ہو گا۔

سید انوار احمد
سیکریٹر ی اطلاعات
جماعت اسلامی، وسطی
0345-2385320