پاک چائنہ اکنامک کوریڈور عالمی استعماری قوتوں کی آنکھوں میں کھٹک رہا ہے: لیاقت بلوچ

Liaqat Baloch Speech

Liaqat Baloch Speech

لاہور : سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ پاک چائنہ اکنامک کوریڈور عالمی طاقتوں کی مناپلی ختم کرنے کا ایک راستہ ہے، جو کہ استعماری قوتوں کی آنکھوں میں کھٹک رہا ہے۔

امریکہ، بھارت اور عالمی طاقتوں کو پاک چائنا اکنامک راہداری ایک آنکھ نہیں بھاتی اسی لئے وہ اس منصوبہ کی ناکامی کے لیے بھرپور وسائل اور سازشوں کا استعمال کر رہی ہیں ۔جس کے لئے مختلف پراپیگنڈوں اور دہشتگردی کے ذریعے اس منصوبہ کو روکنے کی کوشش کی جارہی ہے۔عالمی استعمار اس خطے میں امن نہیں چاہتا اس لئے اے پی ایس اور باچا خان یونیورسٹی جیسے واقعات رونما ہوئے ان خیالات کااظہار انہوں نے اسلامی جمعیت طلبہ کے زیر اہتمام سالانہ اجتماع برائے اراکین سے خطاب کرتے ہوئے کیا، انہوں نے مزید کہا کہ داعش جیسے فتنے کو عالمی طاقتوں نے مسلمانوں کو لڑانے اور ان میں انتشار پیدا کرنے کے لئے بنایا ہے۔

سعودی عرب اور ایران کشیدگی عالمِ اسلام کے لئے خطرناک ہے۔ ان کی آپس کی لڑائی سے عالمی طاقتوں کو فوائد حاصل ہورہے ہیں۔مسلم ممالک میںایک طبقہ چاہتا ہے کہ دینی جماعتیں فرقہ واریت میں بکھری رہیں تاکہ ان کی توجہ کسی اور طرف نہ ہو سکے۔مدارس کو نشانہ بنایا گیا جبکہ مساجد کے لوڈ اسپیکرز کو الزامات دیئے گئے۔لیکن تمام دنیا شاہد ہے کہ صولت مرزا، ڈاکٹر عاصم، عزیر بلوچ اور دیگر افراد کسی مدرسے سے فارغ التحصیل نہیں تھے بلکہ سیاسی جماعتوں کی کھوکھ میں انہوں نے تربیت حاصل کی اور ملک کو ناقابل تلافی نقصانات پہنچائے۔اسلام کا تعلق دہشت گردی سے جوڑا جا رہا ہے حالانکہ مسلمانو ں نے ہمیشہ اخلاقی راستے کو اپناتے ہوئے اسلام کو پھیلایا ہے اور اسلام کے پیغامات کی تبلیغ کی ہے۔

دورِ حاضر میںابلاغ کے ہتھیار کو استعمال کرتے ہوئے اگر کسی کی پگڑی اچھالی جائے تو اس کو روکا نہیں جا سکتا۔ذرائع ابلاغ کا مئوثر استعمال ملک کی ترقی کا ضامن ہے، لیاقت بلوچ کا مزید کہنا تھا کہ جمعیت کا نوجوان دلیل کے ذریعے مثبت سوچ کو پروان چڑھا رہا ہے۔ جمعیت نے مجھ جیسے لاکھوں نوجوانوں کو بامقصد زندگی دی۔

ملک میں روزگار کے مواقع نہ ہونے کی وجہ سے میرٹ کی پامالی ہو رہی ہے، آج کے حالات میں ضرورت اس امر کی ہے کہ تعلیمی پالیسیاں اردو میں بنائی جائیں۔سول سروسز کے امتحانات میں اردو کو استعمال کیا جائے ۔طلبہ کو ملک کے حالات سے مایوس ہونے کی بجائے ملک کی ترقی کے لئے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔دریں اثناء اسلامی جمعیت طلبہ کے نئے ناظم اعلیٰ اور ناظمین صوبہ جات کے انتخابات کا عمل مکمل ہوگیا ہے، جبکہ آج نتائج کا اعلان ہو گا۔

سید امجد حسین بخاری
مرکزی سیکرٹری اطلاعات اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان
0334-5019016