پاک فوج میں مدت ملازمت میں توسیع کی روایت کو جڑ نہیں پکڑنا چاہیے: آصف زرداری

Asif Ali Zardari

Asif Ali Zardari

کراچی (جیوڈیسک) سابق صدر آصف علی زرداری نے آرمی چیف جنرل راحیل شریف کے مدت ملازمت میں توسیع نہ لینے کے بیان کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا آرمی چیف جنرل راحیل شریف کا بیان قابل تعریف ہے۔

پاک فوج اہم ترین ادارہ ہے اور مدت ملازمت میں توسیع کی روایت کو جڑ نہیں پکڑنا چاہیے۔ تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی نے کہا جنرل راحیل نے ثابت کیا افراد سے ادارے زیادہ اہم ہیں۔ پیپلز پارٹی کے رہنما قمر زمان کائرہ نے کہا جنرل راحیل نے بہت اچھے فیصلے کیے۔

ان کے بعد آنے والے بھی ان کی روایات کو برقرار رکھیں گے۔ تجزیہ کار حسن عسکری نے کہا ہے جنرل راحیل شریف کے فیصلے سے تمام تنازعات ختم ہو گئے ہیں۔ حسن عسکری نے فیصلے کو انتہائی اہم قراردیا ہے۔ واضح رہے آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری ہونے والے ایک بیان میں وضاحت کی گئی ہے کہ آرمی چیف جنرل راحیل شریف مدت ملازمت میں توسیع کے حوالے سے دلچسپی نہیں رکھتے۔

آرمی چیف کا کہنا ہے کہ پاک آرمی ایک عظیم ادارہ ہے اور میں آئندہ بھی قومی مفاد کو مقدم رکھوں گا ، میرے لئے یہ بات باعث فخر ہے کہ میں نے دنیا کی ایک سب سے بہادر فوج کی قیادت کی۔