یوم پاکستان کے موقع پر انٹر ڈسٹرکٹ ٹور ڈی سائیکل ریس کا انعقاد کریں گے۔ محمد سلیم رضا

Mohammad Saleem Raza Meeting

Mohammad Saleem Raza Meeting

کراچی (اسپورٹس رپورٹر) یوم پاکستان کے موقع پر انٹر ڈسٹرکٹ ٹور ڈی سائیکل ریس کا انعقاد کیا جائے گا جبکہ سندھ کے تفریحی اور تاریخی مقامات پر یوم پاکستان اسپورٹس فیسٹیول میں مختلف کھیلوں کے مقابلے بھی ہونگے۔ اس بات کا اظہار صوبائی سیکریٹری اسپورٹس سندھ محمد سلیم رضا نے سندھ بھر سے آئے ہوئے ڈسٹرکٹس اسپورٹس آفیسرز اورفوکل پرسن کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر ان کے ہمراہ ڈائریکٹر اسپورٹس شہزاد پرویز بھٹی’ ڈپٹی ڈائریکٹر اسپورٹس لاڑکانہ محمد حسین مکانی اور کنسلٹنٹ سندھ اسپورٹس بورڈ رازق حسین ربانی بھی موجود تھے۔ تفصیلات کے مطابق سیکریٹری اسپورٹس محمد سلیم رضا نے یوم پاکستان کے حوالے سے محکمہ کھیل کے افسران کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ23 مارچ یوم پاکستان کے موقع پر انٹر ڈسٹرکٹ ٹور ڈی سائیکل ریس لیاری سے شروع ہوکر براستہ ٹھٹھہ’ سجاول اور ٹنڈو محمد خان سے ہوتی ہوئی گھوٹکی میں اختتام پذیر ہوگی۔

ان کا کہنا تھا کہ صوبائی وزیر کھیل سردارمحمد بخش خان مہر کی ہدایت کے مطابق سندھ کے تاریخی و تفریحی مقامات رنّی کوٹ’ گورا کھیل’ کوٹ ڈیجی’ ننگ پارکر’ عمر کوٹ اور موہنجوڈرو میں مختلف کھیلوں کے مقابلوں کے ساتھ ساتھ سندھ کے روائتی کھیلوں ملاکھڑا اور کوڈی کوڈی کو بھی شامل کیا گیا ہے۔

سیکریٹری اسپورٹس محمد سلیم رضا نے مزید کہا کہ آئندہ برس سے محکمہ کھیل کی جانب سے ان سابق لیجنڈ اور نامور کھلاڑیوں کو جنہوں نے قومی اور بین الاقوامی سطح پر ملک کی نمائندگی کی ہوگی انہیں ماہانہ بنیادوں پر گرانٹ دی جائے گی۔ اسکے علاوہ آئندہ برس سے ہی اسکول گیمز اور طلباء و طالبات کے لئے مختلف کھیلوں کے کوچنگ کیمپس کا انعقاد بھی کیا جائے گا جس میں ماہر کوچز کھلاڑیوں کو تربیت فراہم کریں گے۔

سیکریٹری اسپورٹس نے ڈسٹرکٹ اسپورٹس آفیسرز اور فوکل پرسن کو ہدایت کی کہ وہ23مارچ یوم پاکستان کے سلسلے میں ہونے والے ان گیمز کی اپنے اپنے ڈسٹرکٹ میں بھرپور تیاری کریں۔

سلیم عارف
پی آر او
0345-2977708