پاکستان نے سی پیک پر امریکی الزامات مسترد کر دیے

Foreign Office

Foreign Office

اسلام آباد (جیوڈیسک) چین کے بعد پاکستان نے بھی سی پیک پر امریکی وزیر دفاع جیمز میٹس کی جانب سے لگائے جانے والے الزامات مسترد کردیے ہیں۔ترجمان دفتر خارجہ نے جیمز میٹس کے بیان پر رد عمل دیتے ہوئےکہا کہ سی پیک خطے کی ترقی، رابطے اور عوام کی فلاح کا منصوبہ ہے۔

دفتر خارجہ کامزید کہنا ہے کہ بھارت کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کر رہا ہے اور بھارتی فوج کشمیر میں سنگین جرائم کا ارتکاب کر رہی ہے، لہٰذا عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی بربریت کا نوٹس لے۔

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عملدرآمد کی ضرورت ہے اور اقوام متحدہ کی قراردادیں کشمیریوں کے لئے حق خود ارادیت کا مطالبہ کرتی ہیں۔

اس سے قبل سی پیک پر پارلیمانی کمیٹی کے چیئرمین مشاہد حسین سید کا کہنا تھا کہ سی پیک پر امریکا کا موقف انتہائی حیران کن ہے جس میں کئی تضاد بھی ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ امریکا نے بھارت کے موقف کی تائید کرنے کی کوشش کی ہے کیونکہ ون روڈ ون بیلٹ منصوبے میں بھارت کے علاوہ تمام ممالک ہیں۔

واضح رہے کہ امریکی وزیر دفاع جیمز میٹس نے کہا تھا کہ ون بیلٹ ون روڈ منصوبہ متنازع علاقے سے گزرتا ہے جو خود کسی نئے تنازع کو جنم دے سکتا ہے۔