پاکستان کے ہر شہری کو سول ڈیفنس کی تربیت دی جائے‘ سورٹھ ویر

Civil Defence Training

Civil Defence Training

کراچی (اسٹاف رپورٹر) عالمی یوم شہری دفاع کے موقع پر سول ڈیفنس ساوتھ کی جانب سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی گجراتی سرکار امیر پٹی المعروف سورٹھ ویر نے ہر شہری کیلئے شہری دفاع کی تربیت کی ناگزیریت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ سول ڈیفنس نے حادثات ‘ ناگہانی وقدرتی آفات ‘ مذہبی ایام اور انتظامی مواقع پر سیکورٹی وانتظامی اداروں کے شانہ بشانہ ہمیشہ بیمثال کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مثالی خدمات انجام دی ہیں مگر اسے نظر انداز کیا جارہا ہے جو کسی طور درست نہیں ہے۔

انہوں نے سول ڈیفنس سے وابستہ افراد کو سرکاری اسکیل ‘ تنخواہ ومراعات اور اس ادارے کو خدمات کی انجام دہی کیلئے فنڈز کی فراہمی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ قومی صورتحال اس بات کی متقاضی ہے کہ اس ادارے کو منظم و فعال بنایا جائے اور اس سے وابستہ افراد کی مکمل تربیت کرکے انہیں سیکورٹی اہلکاروں کے ہمراہ قیام امن کیلئے استعمال کیاجائے جبکہ فوج کی کمی کے باعث ملتوی کی جانے والی مردم شماری کا کام بھی سول ڈیفنس کے عملے کی مدد سے بروقت مکمل کیا جاسکتا ہے۔

تقریب سے سول ڈیفنس ساوتھ کے ایس ایس پی اقبال چاند ‘ عزیز صدیقی ‘ روبینہ شاہین ‘حنیف چوہدری ‘اقبال ٹائیگر ‘ اسلم خان ودیگر نے بھی خطاب کیا جبکہ اس موقع پر افواج پاکستان سے یکجہتی کیلئے 23 مارچ 2016 ءکو پاسپورٹ آفس ہائی کورٹ سے مزار قائد تک سول ڈیفنس کی با وردی ریلی نکالنے کا اعلان بھی کیا گیا۔