پاکستان کی تکمیل کیلئے کشمیر کی آزادی ہمارے لئے زندگی اور موت کا مسئلہ ہے، جماعت اسلامی

Jamaat e Islami

Jamaat e Islami

کراچی (پ ر) امیر جماعت اسلامی ضلع وسطی منعم ظفر خان سیکریٹری جنرل محمد یوسف اور نائب امراء ضلع وسطی نے یوم یکجہتی کشمیر پر اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ حکمران بھارت کی بالادستی قبول کرکے اس سے دوستی کی پینگیں بڑھانے کیلئے کشمیر کے مسئلہ کو پس پشت ڈال چکے ہیں، تجارت کیلئے کشمیریوں کی 68سالہ جدوجہد آزادی پر پانی پھیر دیا ہے۔

بھارت سے برابری کی سطح پر بات اور کشمیر پالیسی پر دوٹوک موقف اختیار کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ان حالات میں ضروری ہے کہ قوم اپنے اندر اتحاد و اتفاق اور یکجہتی پیدا کرے اور کشمیر کے قومی موقف کو اپنانے کے لئے حکمرانوں پر دبائو بڑھائے۔ پاکستان کی تکمیل کیلئے کشمیر کی آزادی ہمارے لئے زندگی اور موت کا مسئلہ ہے۔ کشمیر کے بغیر پاکستان ناصرف ادھورا ہے بلکہ پاکستان کی بقا اور سالمیت کشمیر کی آزادی کے ساتھ وابستہ ہے۔ کشمیری عوام نے بھارتی مظالم، بربریت اور ریاستی دہشت گردی کے خلاف قربانیوں کی لازوال داستان رقم کی ہے۔ لاکھوں کشمیری نوجوانوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرکے بھارت اور اقوام عالم کو یہ پیغام دیا ہے کہ وہ بھارت کی غلامی قبول کرنے کی بجائے عزت کی موت کو گلے لگانا اپنے لئے کامیابی سمجھتے ہیں

ہزاروں کشمیری نوجوانوں کو بھارتی فوج کے بدنام زمانہ انٹیروگیشن سینٹروں میں بدترین تشدد کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ بھارت سوچے سمجھے منصوبے کے تحت کشمیر میں مسلمانوں کی نسل کشی کر رہاہے، مسلمانوں کی بستیوں، گھروں، کھیتوں اور کھلیانوں کو جلا کرخاکستر کیا جا رہا ہے اور مساجد و مدارس اور قرآن پاک کو نذر آتش کرکے اسلام اور مسلمانوں کے خلاف بدترین مذہبی تعصب کا مظاہرہ کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اقوام متحدہ سمیت عالمی برادری مسئلہ کشمیر کی اہمیت سے بخوبی آگا ہ ہے لیکن عالمی سطح پر اسلام دشمن پالیسیوں اور رویے کی وجہ سے کشمیر اور فلسطین کے مسلمانوں کو ہنود و یہود کے پنجۂ استبداد سے نکالنے کی کوئی عملی کوشش نہیں کی جا رہی۔ اقوام متحدہ اپنی ہی قراردادوں پر عملدرآمد کرانے میں سنجیدہ نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی مقبوضات کو آزاد کرانے کی ایک ہی صورت ہے کہ مسلمان متحد ہوکر اپنے وقار اور شناخت کو زندہ کریں۔

سید انوار احمد
سیکریٹر ی اطلاعات
جماعت اسلامی، وسطی
0345-2385320