‘را پاکستان اور راہداری منصوبے کو غیر مستحکم کرنے میں ملوث ہے: آرمی چیف

Raheel Sharif

Raheel Sharif

راولپنڈی (جیوڈیسک) آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے گوادر میں سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا ترقی اور امن کیلئے دہشتگردی کیخلاف طویل جنگ کی ہے۔

آپریشن ضرب عضب صرف آپریشن نہیں بلکہ ایک نظریہ ہے اس نظریے کا مقصد دہشتگردوں، انتہا پسندوں اور کرپشن کا خاتمہ ہے۔ قبائلی علاقوں میں ملٹری آپریشن آخری مراحل میں ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا اقتصادی راہداری خطے کی ترقی کا باعث بنے گی۔ پاک فوج عوام کی ہے ہم آپ کے ساتھ ہیں۔ دنیا ہماری کامیابیوں اور قربانیوں کو تسلیم کرتی ہے۔ بین الاقوامی برادری کو غیر ملکی دہشتگردوں کی تنظیمیں، سہولت کاروں اور مالی معاونت کو بند کرنا ہو گا۔

را سمیت پاکستان دشمن انٹیلی جنس ایجنسیاں اقتصادی راہداری کیخلاف کام کر رہی ہیں ان کے عزائم کو خاک میں ملایا جائے گا۔ آرمی چیف نے کہا بلوچستان اور گوادر کی تقدیر تبدیل کریں گے۔

انہوں نے گوادر کے لیے کیڈٹ کالج کا اعلان کرتے ہوئے کہا زندگی کا بڑا حصہ گوادر میں گزارا ہے۔