یوم پاکستان پر مسلح افواج کی شاندار پریڈ، غیر ملکی دستوں کی بھی شرکت

Pakistan Day Parade

Pakistan Day Parade

اسلام آباد (جیوڈیسک) یوم پاکستان پر وفاقی دارالحکومت میں مسلح افواج کے دستوں کی جانب سے شاندار پریڈ کا مظاہرہ کیا گیا جس میں سعودی عرب، چین اور ترکی کے فوجی دستوں نے بھی شرکت کی۔

اسلام آباد کے پریڈ گراؤنڈ میں پاک فوج کے مسلح دستوں کی جانب سے شاندار پریڈ کا مظاہرہ کیا گیا جس میں سعودی عرب، ترکی اور چین کے فوجی دستوں نے بھی شرکت کی۔ چین کا فوجی دستہ پاکستان اور دنیا کی تاریخ میں پہلی بار کسی بھی ملک کی فوجی تقریب میں شریک ہوا، چین کی لبریشن آرمی کے دستے میں تینوں مسلح افواج کے اہلکار شامل تھے۔

یوم پاکستان کی تقریب میں سعودی عرب اور چین کے فوجی دستوں نے صدر پاکستان کو سلامی پیش کی جب کہ ترکی سے تعلق رکھنے والے دنیا کے قدیم ترین ملٹری بینڈ مہتر نے جیوے جیوے پاکستان کی شاندار دھنیں پیش کیں۔ اس کے علاوہ پریڈ میں جنوبی افریقا کی مسلح فوج کے سربراہ نے بھی شرکت کی۔

مسلح افواج کی پریڈ کی تقریب میں دشمن پر لرزہ طاری کرنے والے غوری، شاہین، حتف اور نصر میزائلوں کی رونمائی بھی کرائی گئی۔ تقریب کے شرکاء کو بتایا گیا کہ رعد میزائل خودکار سسٹم سے مکمل طور پر آراستہ ہے جب کہ رعد ٹو کروز میزائل رات کے اندھیرے میں بھی ہدف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

بابر کروز میزائل سسٹم 100 فیصد تک خودکار سسٹم ہے، شاہین ون 900 کلو میٹر رینج کاحامل ہے جب کہ شاہین تھری میزائل 2700 کلو میٹر تک مار کر سکتا ہے، غوری میزائل زمین سے زمین سے 1300 کلو میٹر رینج کا حامل ہے۔ اس کے علاوہ پریڈ کے دوران دشمن پر اپنی دھاک بٹھانے والے الخالد، الضرار اور القاسم بیٹل ٹینکوں کی بھی رونمائی کرائی گئی۔