پاکستان کو دبئی ٹیسٹ میں بھی شکست، سری لنکا نے سیریز جیت لی

Dubai Test

Dubai Test

دبئی (جیوڈیسک) متحدہ عرب امارات کے شہر دبئی میں کھیلے گئے دوسرے ٹیسٹ میچ میں بھی پاکستان کو شکست دے کر سری لنکا نے سیریز جیت لی ہے۔ آئی لینڈرز نے میزبان ٹیم کو جیت کیلئے 317 رنز کا ہدف دیا تھا لیکن پاکستانی ٹیم صرف 248 رنز بنا سکی، یوں پاکستان کو اس اہم ٹیسٹ میچ میں 68 رنز سے شکست ہوئی۔ خیال رہے کہ پاکستان نا صرف یہ ٹیسٹ سیریز ہارا ہے بلکہ اس کی آئی سی سی رینکنگ میں بھی تنزلی ہوئی ہے۔ پاکستان ٹیسٹ رینکنگ میں چھٹے سے ساتویں پوزیشن پر پہنچ گیا ہے۔

گزشتہ روز سمیع اسلم اور شان مسعود نے اننگز شروع کی تو چوتھے ہی اوور میں سمیع اسلم کیچ آؤٹ ہو گئے۔ وہ صرف ایک رن ہی بنا سکے۔ پاکستان کی دوسری وکٹ 36 کے سکور پر گری۔ آؤٹ ہونے والے کھلاڑی اظہر علی تھے، جنہوں نے 17 رنز بنائے۔ اس کے بعد باری حارث سہیل کی تھی جو صرف 10 رنز ہی بنا سکے۔ پاکستان کی چوتھی وکٹ 52 کے سکور پر گری جب شان مسعود دلروان پریرا کی دوسری وکٹ بنے، انھوں نے 21 رنز بنائے۔ اسی اوور میں بابر اعظم صفر پر آؤٹ ہو گئے۔
آج آخری روز کے کھیل کے آغاز پر کپتان سرفراز احمد اور اسد شفیق دوبارہ میدان میں اترے لیکن سرفراز جم کر نہ کھیل سکے اور 68 رنز پر آؤٹ ہو گئے۔ اس کے بعد محمد عامر 4 اور یاسر شاہ صرف 5 رنز بنا کر واپس پویلین لوٹے۔ کچھ دیر بعد ہی وکٹ پر ذمہ داری سے بیٹنگ کر رہے اسد شفیق بھی ٹیم کا ساتھ چھوڑ گئے۔ اسد شفیق نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 112 رنز کی اننگز کھیلی۔ پاکستان کی آخری وکٹ 248 کے سکور پر گری۔

سری لنکا کی جانب سے دوسری اننگز میں پریرا نے شاندار گیند بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 5 وکٹیں اپنے نام کیں۔ دیگر باؤلرز میں ہیراتھ دو، جبکہ لکمل اور گمیج ایک، ایک وکٹ لینے میں کامیاب رہے۔