پاکستان آنے کےلیے بے تاب ہوں، انیل کپور

Anil Kapoor

Anil Kapoor

ممبئی (جیوڈیسک) بالی ووڈ کے لیجنڈری اداکار انیل کپور نے پاکستان آنے کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ جانے کے لیے بے تاب ہوں اور دعوت ملی تو ضرور جاؤں گا۔

بالی ووڈ کے سپر اسٹار انیل کپور فلم نگری کا بڑا نام ہیں جنہوں نے فلم ’’رام لکھن‘‘ سے شہرت حاصل کی جس کے بعد انہوں نے پیچھے مڑ کر نہیں دیکھا اور کئی سپرہٹ فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں جب کہ ان کی فلموں کو پاکستان میں بھی شوق سے دیکھا جاتا ہے لہٰذا انہوں نے اب پاکستان آنے کی خواہش کا اظہار کردیا ہے۔

اپنے انٹرویو میں انیل کپورکا کہنا تھا کہ پاکستان کی عوام ہماری فلمیں پسند کرتے ہیں جس کی مجھے بہت خوشی ہوتی ہے کیوں کہ ہمارا کام ہی لوگوں کو تفریح فراہم کرنا ہے جب کہ پاکستان میں بھی ہمیں فلموں کی شوٹنگ کی اجازت دینی چاہیے اور بالی ووڈ اور لالی ووڈ کو ایک ساتھ فلموں کی پروڈکشن کرنی چاہیے۔

بالی ووڈ اداکار کا کہنا تھا کہ پاکستان آنے کی دعوت ملی تو دیر نہیں کروں گا کیوں کہ پاکستان جانے کے لیے ترس رہا ہوں لہٰذا وہاں جا کر اپنے بہن بھائیوں کا شکریہ ادا کروں گا۔