پاکستان میں آج توانائی کی بچت کے لیے ارتھ آور منایا جا رہا ہے

Earth Hour

Earth Hour

اسلام آباد (جیوڈیسک) دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی آج توانائی کی بچت کے لیے ارتھ آور منایا جا رہا ہے ، اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے پارلیمنٹ ہاؤس میں شمع روشن کر کے توانائی بچت کے دن کی تقریبات کا افتتاح کر دیا۔

پاکستان میں ساڑھے 8 سے ساڑھے 9 بجے تک ارتھ آورمنایا جائے گا ، اس دوران اہم عمارتوں کی روشنیاں بجھا دی جائیں گی۔اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے شمع روشن کر کے توانائی کی بچت کے دن کی تقریبات کا افتتاح کیا ۔ اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ ساڑھے 8 سے ساڑھے 9 تک قومی اسمبلی اور سینٹ کے روشنیاں بند کر کے ارتھ آور منائیں گے ۔ گزشتہ سال بھی ارتھ آور منانے کے لیے پارلیمنٹ میں شمعیں روشن کی تھیں۔

ایاز صادق نے کہا کہ ماحول کے تحفظ کے لیے گرین پارلیمنٹ کا جو وعدہ کیا تھا پورا کر دیا ، آج پارلیمنٹ ہائوس شمسی توانائی پر چل رہی ہے اور نیٹ میٹرنگ کا پہلا لائسنس اسے ملا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ توقع ہے شمسی توانائی کے استعمال سے پارلیمنٹ ہائوس کا بجلی کا بل صفر ہو جائے گا ، پارلیمنٹ سولر پراجیکٹ سے نیشنل گرڈ کو اضافی بجلی بھی فراہم کر رہی ہے۔

دوسری طرف وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ ارتھ آور منانے کا مقصد توانائی کے بڑھتے ہوئے استعمال کے باعث عالمی حدت کے بارے میں شعور پھیلانا ہے۔

ایوان وزیر اعلٰی لاہور سے جاری ارتھ آور ڈے کے حوالے سے خصوصی پیغام میں محمد شہبازشریف کا کہنا تھا کہ دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی بھرپور طریقے سے ارتھ آور منایا جا رہا ہے ۔ اس دن کامقصد ماحولیاتی آلودگی کی وجہ سے زمین کو پہنچنے والے نقصان کے بارے میں آگہی پھیلانا ہے ۔ عالمی درجہ حرارت میں اضافہ نہ صرف تشویشناک ہے بلکہ یہ ایک سنجیدہ اور بڑا مسئلہ بن چکا ہے ، لہٰذا بڑھتے ہوئے عالمی درجہ حرارت سے کرہ ارض اور ماحول کی حفاظت کیلئے موثر اقدامات کی ضرورت ہے۔