پاکستان ملک میں موجود شدت پسند گروپوں کے خاتمے کیلئے اقدامات کرے: امریکا

John Kerry

John Kerry

نئی دہلی (جیوڈیسک) امریکا اور ہندوستان نے دو طرفہ دفاعی تعلقات کو مضبوط بنانے کا اعلان کرتے ہوئے پاکستان پر زور دیا ہے کہ وہ اپنے ملک میں موجود شدت پسند گروپوں کے خاتمے کیلئے اقدامات کرے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ہندوستان کے دورے پر آئے ہوئے امریکی وزیر خارجہ جان کیری کا کہنا تھا امریکا اور ہندوستان کے درمیان ہونے والا حالیہ دفاعی معاہدہ دو سال کے مذاکرات کا نتیجہ ہے۔ امریکی محکمہ خارجہ کا بریفنگ دیتے ہوئے کہنا تھا حقانی نیٹ ورک ا ب بھی بڑا خطرہ ہے ، دہشت گردوں کے خاتمے کیلئے تعاون جاری رکھیں گے ۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ امریکا بھارت تعلقات پر کسی کوتشویش نہیں ہونی چاہئے۔

اس موقع پر ہندوستانی وزیر خارجہ سشما سوراج پاکستان کی شکایتیں لگانے سے باز نہ آئیں اور پاکستان سے پٹھان کوٹ ائیربیس اور ممبئی حملے کی تحقیقات سے جلد آگاہی فراہم کرنے کا مطالبہ کر دیا ۔ سشما سوراج نے نیوکلیئرسپلائی گروپ میں رکنیت کیلئے امریکی حمایت کا شکریہ بھی ادا کیا۔ دونوں رہنمائوں کے درمیان سیکیورٹی، اقتصادی تعاون اور بھارت کو بجلی کے اہداف پورے کرنے کیلیے نئی ٹیکنالوجی کی فراہمی پر بات چیت ہوئی۔

امریکی وزیر خارجہ جان کیری کا کہنا ہے کہ پاکستان میں پچاس ہزار سے زائد افراد دہشت گردی کی نذر ہوئے ہیں۔ نئی دہلی میں ایک یونیورسٹی میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے امریکی وزیر خارجہ جان کیری کا کہنا تھا کہ پاکستان دہشت گردی سے شدید متاثر ہوا ہے ۔ پچاس ہزار سے زائد پاکستانی شہری دہشت گرد حملوں میں مارے گئے ہیں۔ جان کیری نے کہا کہ اسلام آباد کو پاکستان اور بھارت تعلقات خراب کرنے والے دہشت گرد عناصر کے خلاف کارراوئی کرنی چاہیے۔

ایسے عناصر ،افغانستان میں قیام امن اور استحکام کے امریکی کوششوں میں بھی رکاوٹ ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ صدر اوباما اور نریندر مودی کے ذاتی تعلق کی وجہ سے دونوں ممالک کے تعلقات میں مزید بہتری آئے گی۔ جان کیری ان دنوں بھارت کے تین روزہ دورے پر موجود ہیں۔