پاکستان کو فائنل میں شکست، انڈیا ایشیئن چیمپیئز ٹرافی کا فاتح

Pakistan vs India

Pakistan vs India

ملائیشیا (جیوڈیسک) انڈیا نے روایتی حریف پاکستان کو دو کے مقابلے میں تین گول سے شکست دے کر ایشیئن چیمپیئنز ٹرافی ہاکی ٹورنامنٹ جیت لیا ہے۔

یہ اس ٹورنامنٹ میں دوسرا موقع ہے کہ انڈیا نے پاکستان کو ہرایا ہے۔ اس سے قبل ابتدائی راؤنڈ میں بھی میچ انڈیا نے اسی سکور سے جیتا تھا۔

ملائیشیا کے شہر کونٹن میں اتوار کی شب کھیلے جانے والے فائنل میں دونوں ٹیمیں ابتدائی کوارٹر میں گول کرنے میں ناکام رہیں تاہم دوسرے کوارٹر میں میچ کے 18ویں منٹ میں انڈیا کے روپندر پال سنگھ نے پنلٹی کارنر پر گول کر کے اپنی ٹیم کو سبقت دلوا دی۔

عفان یوسف نے پانچ منٹ بعد گول کر کے انڈیا کی برتری دوگنی کر دی جسے تین منٹ بعد پاکستان کے محمد بلال نے پنلٹی کارنر پر گول کر کے کم کر دیا۔

تیسرے کوارٹر میں شان علی نے پاکستان کی جانب سے گول کر کے میچ برابر کر دیا۔ میچ کا فیصلہ کن گول آخری کوارٹر میں انڈیا کے نکن تھمایا نے کھیل کے 51ویں منٹ میں کیا اور انڈیا کی یہ برتری آخر تک قائم رہی۔

ایشیائی چیمپیئنز ٹرافی مقابلے تین برس کے تعطل کے بعد کھیلے جا گئے اور یہ دوسرا موقع ہے کہ انڈیا کی ٹیم یہ ٹورنامنٹ جیتنے میں کامیاب ہوئی ہے۔

ماضی میں انڈیا 2011 میں پاکستان کو شکست دے کر یہ ٹورنامنٹ جیت چکا ہے جبکہ 2012 اور 2013 میں ٹورنامنٹ کا فاتح پاکستان رہا تھا جس نے فائنل میں بالترتیب انڈیا اور جاپان کو ہرایا تھا۔