ہمارا پاکستان فٹ بال کپ میں چنیسر بلو پری کوارٹر فائنل میں داخل ہو گئی

کراچی (اسپورٹس رپورٹر) کلری محمڈن فٹ بال اسٹیڈیم لیاری میں جاری آل کراچی ہمارا پاکستان فٹ بال کپ 2015ء میں چنیسر بلو نے اپنے عمدہ کھیل کی بدولت لیاری کی معروف ٹیم تاج مسلم کو ایک سخت مقابلے کے بعد 3-2سے شکست دیکر پری کوارٹر فائنل کے لئے کوالیفائی کرلیا۔

کھیل کے دوران پہلے ہاف میں تاج مسلم کو ایک گول کی سبقت حاصل تھی تاہم دوسرے ہاف میں چنیسر بلو نے اپنے کھیل میں بہتری لاتے ہوئے کئی بھر پور حملے کئے جس کے نتیجے میں ان کے کھلاڑیوں شہر یارلاسی،نعمان اور غلام فرید نے لگاتار 3گول داغ کر مقابلہ 3-2کردیا تاج مسلم کی جانب سے عبدالخالق اور عبدالوہاب نے گول کئے۔

کھیل کی خاص بات چنیسر بلو کے گول کیپر آصف نور کا عمدہ کھیل تھا جنہوں نے تاج مسلم کی جانب سے الاٹ کی گئی پنالٹی روک کر شائقین فٹ بال سے بھر پور داد وصول کی ۔کھیلے گئے دوسرے میچ میں عثمان آباد یونین نے عبدالرشید کے گول کی بدولت ینگ انصاری کو 1-0سے شکست دیدی ٹورنامنٹ میں کھیلے گئے میچوں میں ریفری کے فرائض نیاز احمد ،عبدالخالق ،یوسف اورشوکت نے انجام دیئے جبکہ میچ کمشنر جمیل احمد اور میڈیا کوارڈینٹر شیر افضل تھے۔

Football Cup

Football Cup